ورلڈ کپ ٹیموں نے اسٹارز کے ناز نخرے اٹھانا شروع کردیئے

حکام کو کھلاڑیوں کی پسند نا پسند کے حوالے سے ہوٹلوں کو خصوصی فہرستیں دے دی گئیں،


Sports Desk June 08, 2014
کسی کو اپنے ملک کے کیلے چاہئیں، کسی کو دو قسم کا لیکوئیڈ سوپ درکار ہے، فوٹو : فائل

ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں نے فٹبالرز کے ناز نخرے اٹھانا شروع کردیے۔ کھلاڑیوں کی پسند نا پسند کے حوالے سے ہوٹلوں کو خصوصی فہرستیں دے دی گئیں، کسی کو اپنے ملک کے کیلے چاہئیں، کسی کو دو قسم کا لیکوئیڈ سوپ درکار ہے، انگلینڈ نے تو پورا ایک ریسٹورنٹ اپنے لیے مختص کرنے کی فرمائش کرڈالی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ میں شریک فٹبالرز دنیا بھر کی توجہ کا مرکز ہیں اس لیے ٹیموں نے بھی ان کے ناز نخرے اٹھانا شروع کردیے ہیں اس مقصد کے لیے خاص طور پر برازیل کے ہوٹلوں کو ہدایت نامے جاری کیے گئے ہیں۔ ایکواڈور نے ہوٹل انتظامیہ پر واضح کیا ہے کہ اس کے کھلاڑیوں کو ہرروز اپنے ملک کے مختلف کیلوں کی ورائٹی چاہیے، بوسنیا نے فرمائش کی ہے کہ ہر کمرے میں ساؤنڈ پروف اسکرین نصب کی جائیں تاکہ ان کے کھلاڑی کسی بھی قسم کے شور شرابے سے متاثر نہ ہوں، فرنچ ٹیم نے ہوٹل انتظامیہ سے تمام کھلاڑیوں کے لیے ایک جیسے کمروں کا مطالبہ کیا اور ساتھ میں یہ بھی فرمائش کی باتھ رومز میں دو اقسام کے لیکوئیڈ سوپ ہونے چاہیئں ایک ہاتھ دھونے اور دوسرا نہانے کیلیے مختص ہوگا، جرمن ٹیم نے اپنا ٹریننگ سینٹر ہی قائم کیا ہے جس میں 65 کمرے، ایک فٹبال فیلڈ اور ایک پریس روم موجود ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مختلف انواع و اقسام کے کھانوں کی موجودگی یقینی بنانے کو کہا گیا ہے ۔