لاہور قلندرز کی پرفارمنس بری نہیں بس قسمت ساتھ نہیں دے رہی، عاقب جاوید

اسپورٹس رپورٹر  پير 26 فروری 2024
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 لاہور: پاکستان سپرلیگ میں لگاتار پانچ میچز ہارنے والی دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے دفاع میں عاقب جاوید  سامنے آگئے۔

ایل سی سی اے میں پریکٹس سیشن کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے لاہور قلندرز ٹیم کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز عاقب جاوید نے ٹیم کی خراب پرفارمنس پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ ان پچز پر راشد خان کو مس کررہے ہیں، بیٹنگ پچز پر باؤلنگ کرنا مشکل ہوتی ہے جبکہ حارث رؤف جیسے بائولرز بہت کم ملتے ہیں۔ حارث رؤف کے ان فٹ ہونے  سے لاہور قلندرز کو  بڑا نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز ایک دو رنز سے میچ ہار رہی ہے اس کا مطلب ہے کہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس بری نہیں، ایک وقت ہوتا ہے جب قسمت آپ کاساتھ نہیں دیتی،  شاہین اچھی کپتانی اور بولنگ کررہا ہے۔

عاقب جاوید کے مطابق لاہور قلندرز کے پاس ابھی بہترین باؤلرز موجود ہیں۔ راشد خان ورلڈ کلاس باولر ہے۔ اس نے ہمیشہ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔راشد خان کے نہ ہونے سے ٹیم کو مشکلات  آئی ہیں۔ فنٹنس ایشوز کی وجہ سے راشد کی عدم دستیابی بدقسمتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس جو بہترین کمبنیشن تھا اس کا انتخاب کیا گیا، لاہور قلندرز ڈائریکٹر آپریشنز اور ہیڈ کوچ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ٹیم کم بیک کرکے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کرنے میں کامیاب ہوگی۔

لاہور قلندرز منگل کو اپنا اہم میچ ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔ اس میچ میں جیت لاہور قلندرز کے لیے آکسیجن ثابت ہوسکتی ہے بصورت دیگر دفاعی چیمپئن کی پلے آف مرحلے میں رسائی مشکل ہوجائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔