اورنگی ٹاؤن میں شہریوں نے 2 ڈاکو مار دیئے پولیس نے واقعے کو مقابلہ ظاہر کردیا

پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک ڈاکو فرار ہوگیا، ایس ایچ او اقبال مارکیٹ پولیس اسٹیشن


Staff Reporter June 11, 2014
نامعلوم شخص کی فائرنگ سے ڈاکوزخمی ہوئے،پولیس نے ڈاکوؤں کواسپتال پہنچایا،ایک ڈکیت فرار،اقبال مارکیٹ پولیس نے مقابلہ ظاہرکردیا فوٹو: فائل

اورنگی ٹاؤن میں لوٹ مار کرکے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ۔شہریوں نے فرار ہونے والے 2 ڈاکوؤں کو پکڑکر تشدد کا نشانہ بناکر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 ڈبہ موڑ کے قریب 2 ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے موقع پر افراد نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں30 سالہ کامران ولد اسلم زخمی ہوگیا، شہریوں نے دونوں ڈاکوؤں کو فرار ہوتے ہوئے تعاقب کے بعد پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا اس دوران نامعلوم شخص نے فائرنگ کرکے دونوں ڈاکوؤں کو زخمی کردیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں ڈاکوؤں کو بمشکل شہریوں کے چنگل سے چھڑایا تاہم ڈاکوؤں کی حالت انتہائی تشویش ناک تھی، شہریوں نے ڈاکوؤں کے قبضے سے ملنے والے دونوں پستول پولیس کے حوالے کردیے، پولیس نے ڈاکوؤں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریب واقع قطر اسپتال پہنچایا جہاں پہنچ کر ڈاکٹروں نے ڈاکوؤں کی موت کی تصدیق کر دی، ڈاکوؤں کی لاشیں پولیس کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئیں۔

علاقہ مکینوں کے مطابق ملزمان اسلحہ کے زور پر کامران سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس نے مزاحمت کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی فائرنگ کی آواز سنتے ہی علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد جائے موقع پر پہنچ گئی اور ڈاکوؤں کو پکڑکر تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا پولیس نے واقعے کو پولیس مقابلہ ظاہر کیا ہے ، ایس ایچ او اقبال مارکیٹ غلام رسول راجپر نے بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک ڈاکو فرار ہوگیا، ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت30 سالہ ظہور عالم اور27 سالہ تعمیر شاہ کے ناموں سے کر لی گئیں ہلاک ہونے والے ڈاکو بلدیہ ٹاؤن اتحاد ٹاؤن کے رہائشی تھے۔