عدالت نے پی آئی ڈی سی بم دھماکے کے مجرم کو سزائے موت سنا دی

عبدالحمیدبگٹی کو دھماکے میں4محافظوں کے قتل پر موت بم دھماکے پر25 ،اقدام قتل اور املاک تباہ کرنے پر 14،14سال قید کی سزا


Staff Reporter June 11, 2014
ملزم کے2ساتھیوں کو2007میں پھانسی کی سزاسنائی گئی، مجرم کی تمام جائیدادضبط اورمقتولین کو2 لاکھ اورزخمی متاثرین کو 50 ہزار روپے ادا کرنے کا حکم فوٹو؛ فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پی آئی ڈی سی بم دھماکا کیس کا فیصلہ سنادیا، دہشت گردی کی مذکورہ خصوصی عدالت نے مقدمے میں ملوث مجرم عبدالحمید بگٹی کو جرم ثابت ہونے پر پھانسی کی سزا اور دیگر دفعات میں مجموعی طور پر49 سال قید کا حکم دیا ہے۔

مجرم کو 2 لاکھ روپے مقتولین کے ورثا اور زخمی متاثرین کو فی کس 50 روپے ادا کرنے کا حکم دیا ہے،عدالت نے مجرم کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے، تفصیلات کے مطابق منگل کو جیل حکام نے ملزم عبدالحمید بگٹی کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 2 کے روبروپیش کیا اس موقع پر فاضل عدالت نے مجرم کو پی آئی ڈی سی بم دھماکا کرنے اور 4 سیکیورٹی گارڈ کو قتل کرنے کے جرم میں موت کی سزا، بم دھماکا کرنے پر25 سال ، اقدام قتل پر 14سال اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے جرم میں 14سال قید کی سزا سنائی ہے تمام سزائیں ایک ساتھ چلنے کی ہدایت کی ہے۔

استغاثہ کے مطابق 15نومبر2005 کو مجرم نے اپنے دیگر سزا یافتہ مجرموں کے ہمراہ پی آئی ڈی سی بلڈنگ میں واقع بینک برانچ اور فاسٹ فوڈ دکان کے قریب کار میں رکھے آتش گیر مواد کو دھماکے سے اڑادیا تھا جس کے نتیجے میں مسلم کمرشل بینک کے 2 سیکیورٹی گارڈ موقع پر ہلاک جبکہ 2 محافظ اسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے دہشت گردی کے اس واقعے میں21 افراد شدید زخمی ہوئے تھے پولیس نے 2 ملزمان عزیز خان اور منگل خاں کو گلشن اقبال سے گرفتار کیا تھا ۔

جنھیں 2007میں جرم ثابت ہونے پر پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی مذکورہ مجرم کو تھانہ آرٹلری میدان سی آئی ڈی نے گزشہ برس گرفتار کیا تھا مقدمے میں بہرام شاہ اب بھی تاحال مفرور ہے ملزمان کے خلاف استغاثہ کے 35 سے زائد گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے جبکہ 2 چشم دید گواہوں ٹیکسی ڈرائیور ظہیر شاہ اور اے ایس آئی محمد اشرف نے مجرموں کو شناخت کیا تھا گواہوں کے بیانات نے استغاثہ کی مدد کی تھی مجرموں کے خلاف تھانہ آرٹلری میدان میں درج تھا۔