دھمکیاں مل رہی ہیں لیکن دہشت گردوں کو ختم کر کے رہیں گےقائم علی شاہ

وزیر اعلی سندھ کی زیر صدارت اجلاس، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو سیکیورٹی حکمت عملی میں تبدیلی لانے کی ہدایت


Staff Reporter June 11, 2014
کولڈ اسٹوریج میں آگ سے 7 ملازمین کی ہلاکت پرافسوس،اہلخانہ سے تعزیت،دوبارہ حملے کی اطلاع پراجلاس معطل کردیا،کارروائی کاحکم فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام کوموجودہ غیرمعمولی حالات کے پیش نظرسیکیورٹی حکمت عملی میں تبدیلی لانے اورآئندہ ایسی صورت حال سے مکمل کامیابی سے نمٹنے کیلیے مؤثر اور جامع منصوبہ بندی کرنے کے ساتھ انٹیلی جنس شیئرنگ نظام کومزید فعال کرنے کے احکام دیے ہیں تاکہ دہشت گردوںکو ان کے ناپاک عزائم سے پہلے ختم کیا جاسکے ۔

یہ احکام انھوں نے منگل کو سندھ سیکریٹریٹ میں امن وامان سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کے دوران دیے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ، چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ ، سیکریٹری داخلہ ڈاکٹرنیازعباسی ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر ، آئی جی پولیس سندھ اقبال محمود اور حساس اداروں کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے وقت سے دہشت گردوں کی جانب سے حکومت سندھ کو مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں ،کیونکہ سندھ میں دہشتگردوں کیخلاف سخت سے سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں لیکن ہم ان کو ختم کیے بغیر ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

اتوار کی شب کراچی ایئرپورٹ پر دہشتگردوں کے حملے کو پسپا کرنے کیلیے پاکستان آرمی ، پولیس ، رینجرز اور ایئرفورس سیکیورٹی فورس کے کامیاب آپریشن کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسزدہشتگردوں کے کسی بھی حملے سے کامیابی کے ساتھ نمٹنے کی قوت رکھتی ہیں۔ ہم پرامید ہیں کہ وطن عزیزکے تحفظ ، امن وامان، عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلیے یہ جنگ ہم جیتیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی ایئرپورٹ پر آپریشن کے دوران کولڈ اسٹوریج میں لگی آگ کے سبب 7 ملازمیں کی ہلاکت پر دلی صدمے کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ کو اس واقعے کے اسباب اور ذمے داروںکا تعین کرنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے احکام دیے۔