شاہین آفریدی کو عامر سے سیکھنے کا مشورہ ملنے لگا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 17 مارچ 2024
جب گیند سوئنگ نہ ہوتو سینئر پیسر کی طرح بولنگ کرنا چاہیے، وقار یونس۔ فوٹو: ایکسپریس ویب

جب گیند سوئنگ نہ ہوتو سینئر پیسر کی طرح بولنگ کرنا چاہیے، وقار یونس۔ فوٹو: ایکسپریس ویب

کراچی: شاہین شاہ آفریدی کو عامر سے سیکھنے کا مشورہ ملنے لگا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ سے پہلے ایلیمینیٹر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر پہلے اوور میں انھوں نے صرف 2 رنز دیے اور اپنی لینتھ بالز سے حریف اوپنرز کو پریشان کیا۔

کمنٹری باکس میں موجود رمیز راجہ بھی ان کی بولنگ کو سراہے بغیر نہ رہ سکے، انھوں نے کہا کہ عامر نے بہت ہی اچھی بولنگ کی، انھوں نے لینتھ کا پہلے تعین کیا اور پھر مقررہ جگہ پر ہی گیندیں کیں، اس طرح بیٹرز کوڈبل مائنڈ کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہین آفریدی کی کپتانی پر شکوک کے بادل چھا گئے

رمیز کے ساتھ کمنٹری باکس میں موجود سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی کو عامر سے سیکھنے کا مشورہ دیا، انھوں نے کہا کہ جب گیند سوئنگ نہ ہورہی ہو تو لینتھ بالز سے ایسے بیٹرز کو پریشان کیا جاسکتا ہے، مجھے امید ہے کہ شاہین، عامر کی بولنگ دیکھ رہے ہوں گے، میں سمجھتا ہوں کہ انھیں بھی اس طرح کی بولنگ کرنے کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی زیر قیادت لاہور قلندرز اس بار پلے آف میں بھی جگہ نہیں بناسکے ، شاہین نے 9 میچز میں 14 وکٹیں لیں۔

دوسری جانب ایلیمینیٹر میں 20 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے والے محمد عامر اب تک 9 میچزمیں 10 شکار کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔