ایران میں ہوٹلوں اور کیفے میں ورلڈ کپ فٹبال میچز دکھانے پر پابندی

ایرانی شائقین ورلڈ کپ کے میچز مختلف پارکوں میں بڑی اسکرینوں پر اوراپنے گھروں میں دیکھ سکیں گے۔


Sports Desk June 12, 2014
پابندی کا اطلاق میگا ایونٹ میں ایران کے میچز پر بھی ہوگا۔ فوٹو: فائل

گزشتہ ہفتے ایرانی پولیس نے ملک بھر کے سنیما گھروں میں مردوں اور عورتوں کے ایک ساتھ فٹبال ورلڈ کپ کے میچز دیکھنے پر پابندی عائد کر دی تھی، تاہم اب ایران کے دارلحکومت تہران میں پولیس نے کیفے اور ہوٹلوں میں ورلڈ کپ کے میچز دکھانے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

ایرانی نیوز ویب سائٹ افکار کے مطابق اس پابندی کا اطلاق ایران کے میچز پر بھی ہوگا، ایران کی کیفے یونین نے تمام ممبران سے کہا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کی نشریات کے دوران اپنے چینل تبدیل کردیں یا پھرٹی وی ہی بندکردیں،کیفے مالکان کو ایس ایم ایس کے ذریعے کہا گیا ہے کہ وہ رات 12 بجے کے بعد وہ اپنے کیفے کوکھلا نہیں رکھ سکتے۔

سرکاری خبر رساں ادارے اسنا کے مطابق بہت سے کیفے اس پابندی کا اطلاق کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں جبکہ کچھ کیفیز نے پورے ٹورنامنٹ کے میچوں کے نشریاتی اوقات بھی شائع کئے ہیں، تاہم ایرانی شائقین ورلڈ کپ کے میچز ایران کے مختلف پارکوں میں بڑی اسکرینوں پر اوراپنے گھروں میں دیکھ سکیں گے، ایران کا پہلا میچ 16 جون کو نائیجیریا کیخلاف شیڈول ہے۔