مرکزی بینک کے ذخائر میں اضافہ

6 جون کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتے کے دوران کمرشل بینکوں کے ذخائر میں8 کروڑ 73 لاکھ ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا


Editorial June 14, 2014
ملک کی مالیاتی پوزیشن مستحکم ہے اور وفاقی بجٹ میں جو خسارہ دکھایا گیا ہے اس پر عقل و دانش کے ساتھ قابو پا لیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

ایک طرف وفاقی بجٹ کے اعلان کے بعد اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں مزید گرانی پر کم آمدنی والے طبقات کی بے چینی سرکاری دفاتر کے کلرکوں اور اسکولوں کے اساتذہ کے احتجاجی مظاہروں سے نمایاں ہے تاہم بیرونی قرضہ جات کی ادائیگی کے حوالے سے کچھ مثبت اشارے بھی ملے ہیں۔ بیرونی ادائیگیوں کی مد میں دس کروڑ ڈالر سے زائد کی ادائیگی کے باعث مرکزی بینک کے ذخائر ایک ہفتے کے دوران تقریباً چھ کروڑ ڈالر کی کمی کے بعد8 ارب 68 کروڑ 27 لاکھ ڈالر کی سطح سے گھٹ کر 8 ارب 61 کروڑ29 لاکھ ڈالر کی سطح پر آ گئے ہیں تاہم مجموعی زرمبادلہ ذخائر 1 کروڑ 75 لاکھ ڈالر اضافے کے باعث 13 ارب 43کروڑ 94 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 13 ارب 45 کروڑ69 لاکھ ڈالر کی سطح پر آ گئے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 6 جون کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتے کے دوران کمرشل بینکوں کے ذخائر میں8 کروڑ 73 لاکھ ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد کمرشل بینکوں کے ذخائر 4 ارب 75 کروڑ67 لاکھ ڈالر کی سطح سے بڑھ کر 4 ارب 84 کروڑ40 لاکھ ڈالر کی سطح پر آ گئے' اس دوران مرکزی بینک کو ملٹی و بائی لیٹرل اور دیگر ذرایع سے 3.8 کروڑ ڈالر کے اِن فلوز موصول ہوئے۔ ان اعداد و شمار کی روشنی میں باور کیا جا سکتا ہے کہ ملک کی مالیاتی پوزیشن مستحکم ہے اور وفاقی بجٹ میں جو خسارہ دکھایا گیا ہے اس پر عقل و دانش کے ساتھ قابو پا لیا جائے گا۔