تھانہ ریس کورس کے علاقے افشاں کالونی میں جنرل اسٹور میں ڈکیتی کے بعد ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق چار مسلح ڈاکو دکاندار سے نقدی، موبائل فون اور شناختی کارڈ وغیرہ چھین کر فرار ہونے لگے تو دکاندار نے اپنی پستول سے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔ ملزمان نے بھی جواب میں اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک گولی انکے اپنے ساتھی کو لگی جو موقع پر دم توڑ گیا جبکہ تین ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں دکاندار کو دکان میں مصروف دیکھا جا سکتا ہے جبکہ چہروں پر ماسک لگائے دو ڈاکوؤں کو بھی دکان کے اندر آکر جائزہ لیتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج میں جینز کی پینٹ و براؤن جیکٹ پہنے ڈاکو کو پسٹل نکالتے اور پھر شوکیس پر ہی دکاندار پر تان کر نقدی وغیرہ کا مطالبہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ شلوار قمیض پہنے دوسرا ڈاکو دکان میں لوٹ مار کرتا ہے۔
ڈاکو کی جانب سے دکاندار کا پرس طلب کیا جاتا ہے لیکن اس دوران دکاندار ڈاکو کی توجہ ہٹانے کے لیے پرس دکان کے دروازے کی جانب اچھال دیتا ہے۔ ڈاکو پرس اٹھانے جاتا ہے تو دکاندار موقع پاکر اپنے پاس موجود پسٹل بھی نکال لیتا ہے، ڈاکو پرس سے بھی نقدی نکال کر پرس واپس شوکیس کی جانب اچھال کر فرار ہو جاتا ہے۔
جیسے ہی ڈاکو دکان سے فرار ہوتے ہیں، دکاندار بھی شوکیس کے نیچے سے نکل کر ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دیتا ہے لیکن دکان کے باہر موجود ڈاکوؤں کے ساتھی بدحواسی میں پے در پے فائرنگ شروع کر دیتے ہیں اور اسی دوران ملزمان کی گولی انکے اپنے ساتھی کے سر میں لگتی ہے جس سے ڈاکو موقع پر دم توڑ دیتا ہے۔
ایس ایچ او تھانہ ریس کورس راجہ افتخار کے مطابق فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہے، ہلاک ہونے والے ملزم سے دکاندار کا موبائل، شناختی کارڈ اور ایک پسٹل بھی برآمد ہوا ہے۔
[video width="848" height="478" mp4="https://c.express.pk/2024/03/whatsapp-video-2024-03-31-at-10.36.52-am-1711866699.mp4"][/video]