کراچی؛ ڈاکو دکاندار سے ایک کروڑ روپے نقد اور موبائل فونز چھین کر فرار

ویب ڈیسک  جمعـء 19 اپريل 2024
فوٹو فائل

فوٹو فائل

کراچی: سائٹ ایریا ولیکا کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکو دکاندار سے ایک کروڑ روپے نقد اور موبائل فونز چھین کر فرار ہوگئے۔ 

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے افسران موقع پر پہنچ گئے جبکہ شہریوں کی بھی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج شروع کر دیا۔

اس موقع پر ایس ایچ او سائٹ اے افتخار خانزادہ اور ایس ڈی پی او سائٹ ڈویژن ڈی ایس پی جان خان نیازی موقع پر پہنچ گئے اور عینی شاہدین سے معلومات حاصل کیں۔ اس حوالے ڈی ایس پی جان خان نیازی نے بتایا کہ متاثرہ شہری سے ان کی بات ہوئی ہے جس نے بتایا کہ اس کی بنارس میں موبائل فون کی دکان ہے اور وہ دکان سے موٹر سائیکل پر ایک کروڑ روپے نقد اور کچھ موبائل فونز لیکر آرہا تھا کہ اٹک پمپ کے قریب اس کے ساتھ واردات ہوئی ہے۔

انہوں ںے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں جس کی مدد سے ملزمان کا جلد سراغ لگا لیا جائیگا۔ واضح رہے رواں ماہ 8 اپریل کو اسی سائٹ اے تھانے کی حدود میٹروویل بلاک 4 فاطمہ مسجد کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے سفید رنگ کی آلٹو گاڑی پراندھا دھند فائرنگ کر کے پولٹری فارم کمپنی کے 2 ملازمین 30 سالہ ذاکر اور 55 سالہ شیر عالم کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا اور گاڑی میں موجود ایک کروڑ 35 لاکھ روپے نقدی سے بھرا تھیلا چھین کر فرار ہوگئے تھے جو کہ مقتولین بینک رقم جمع کرانے جا رہے تھے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔