بالی ووڈ اداکارہ نرگس فخری مجھ سے حسد کرتی ہیں مریحہ صفدر

نرگس فخری بہت نِک چِڑھی شخصیت کی مالک ہیں، مریحہ صفدر


ویب ڈیسک April 19, 2024
مریحہ صفدر نے نرگس فخری کیساتھ 'ہاؤس فُل 3' میں کام کیا تھا : فوٹو : ویب ڈیسک

پاکستان سمیت بھارت میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ و ماڈل مریحہ صفدر نے کہا ہے کہ بالی ووڈ فلم 'ہاؤس فل 3' کی شوٹنگ کے سیٹ پر نرگس فخری اُن سے حسد کرتی تھیں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران مریحہ صفدر نے بالی ووڈ اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ تمام بھارتی اداکار کافی پروفیشنل اور بہترین شخصیت کے مالک ہیں۔

مریحہ صفدر نے کہا کہ میں نے فلم 'ہاؤس فل 3' میں اکشے کمار، لیزا، نرگس فخری، جیکولین فرنینڈز اور بومن ایرانی سمیت دیگر بھارتی اداکاروں کے ساتھ کام کیا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ میری ان تمام اداکاروں کے ساتھ کافی اچھی دوستی رہی، اکشے کمار سمیت دیگر اداکاروں کا میرے ساتھ رویہ بہت اچھا تھا لیکن نرگس فخری مجھ سے ناخوش تھیں۔

اُنہوں نے کہا کہ نرگس فخری بہت نِک چِڑھی شخصیت کی مالک ہیں، اُنہیں غصہ آتا تھا کہ باقی اداکاروں کا میرے ساتھ رویہ اچھا کیوں ہے، وہ نہ مجھ سے بات کرتی تھیں اور نہ ہی میرے ساتھ چلنا پسند کرتی تھیں۔

مریحہ صفدر نے مزید کہا کہ نرگس مجھ سے حسد کرتی تھیں، وہ شاید یہ سوچتی تھیں کہ یہ لڑکی بالی ووڈ میں مشہور بھی نہیں ہے اور اس کے باوجود تمام اداکار اس کے ساتھ اچھے سے پیش آتے ہیں۔

واضح رہے کہ مریحہ صفدر نے سال 2017 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم 'گیسٹ ان لندن' میں ایک وکیل کا کردار ادا کیا تھا، وہ اکشے کمار کی فلم 'ہاؤس فل 3' میں بھی اداکاری کرچکی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں