کرائم برانچ نے اغوا میں ملوث رینجرز افسر جیل سے گرفتار کرلیا

امین لالہ اور3دوست گھرسےاغواکیےگئے،رینجرزنےبھاری رقم لی لیکن مغوی نہیں چھوڑے،کرائم برانچ نےملزم کاجسمانی ریمانڈ لے لیا


Staff Reporter June 19, 2014
امین لالہ اور3دوست گھرسے اغواکیے گئے،رینجرزنے بھاری رقم لی لیکن مغوی نہیں چھوڑے،کرائم برانچ نے ملزم کاجسمانی ریمانڈ لے لیا۔ فوٹو: فائل

پولیس4 برس گزرنے کے باوجود سینٹرل جیل کے اہلکار سمیت 4 مغوی بازیاب کرانے میں ناکام ہوگئی،عدالتی حکم پر تحقیق کرائم برانچ کے سپرد کردی گئی۔

کرائم برانچ نے اغوا کار رینجرز کے سب انسپکٹر ریاض سرور ٹمن کو جیل سے گرفتار کرکے 2 دن کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا، تفصیلات کے مطابق یکم اگست 2010 کو سینٹرل جیل سے متصل جیل کالونی سے سینٹرل جیل کے حوالدار امین لالہ اور اسکے قریبی دوست شیرافضل ، شہزاد اور غازی خان کو اسلحہ کے زور پر گھر سے اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا، مدعی محمد یوسف نے تھانہ نیوٹائون میں اغوا کا مقدمہ درج کرایا۔

نیوٹائون میں قائم رینجرز کے چوکی انچارج سب انسپکٹر ریاض سرور عرف ریاض ٹمن نے امین لالہ کے بازیابی کے لیے ان کے اہل خانہ سے لاکھوں روپے طلب کیے جس پر لواحقین نے ریاض ٹمن اور اس کے ساتھی رینجرز اہلکار شیرفضل کو بھاری رقم ادا کی لیکن پھر بھی مغوی بازیاب نہ ہوسکے، جس پر مسمات پھلاں نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا عدالت عالیہ کے حکم پر تحقیقات مکمل ہونے پر رینجرز حکام نے رقم واپس کردی اور پولیس نے ایک رینجرز اہلکار کو گرفتار کرلیا جبکہ ریاض ٹمن نے ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرالی تاہم فاضل عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت مسترد کردی جس پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا اور تحقیقات کے بعد ملزم کو جیل بھیج دیا ملزم بیماری کا بہانہ کرکے اسپتال میں داخل ہوگیا۔

4 برس گزر جانے کے باوجود پولیس مغویوں کا بازیاب کرانے میں ناکام رہی جس پر عدالت نے تفتیش کرائم برانچ کے سپرد کردی کرائم برانچ کے ڈی ایس پی راجہ ارشد حیات نے عدالت سے ملزم کو جیل سے گرفتار کرنے کی اجازت حاصل کی اور گزشہ روز ملزم کو جیل سے گرفتار کرکے بدھ کو ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے لنک جج کے روبرو پیش کیا فاضل عدالت نے ملزم کا 2 دن کا جسمانی ریمانڈ دے دیا اور 20 جون کو متعلقہ جج کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔