8لاکھ ایکٹو ٹیکس دہندگان سے ایٹ سورس انکم ٹیکس کٹوتی کا فیصلہ

ایف بی آر کی فہرست میں ایسے لوگ اور ادارے و یونٹس بھی شامل ہیں جن کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبرز نہیں ہیں


Irshad Ansari June 20, 2014
اس فہرست میں شامل لوگوں، اداروں اور یونٹس سے ایٹ سورس انکم ٹیکس کٹوتی کی جائیگی۔ فوٹو: فائل

ایف بی آر نے 8لاکھ سے زائد ایکٹو ٹیکس دہندگان سے ایٹ سورس انکم ٹیکس کٹوتی کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر نے مختلف بینکوں،فلور ملوں،دُکانداروں، صنعتکاروں اورباصلاحیت انفرادی لوگوں پر مشتمل ایکٹو ٹیکس دہندگان کے ناموں کی فہرست جاری کی ہے اور ایف بی آر کی طرف سے جاری کردہ 9ہزار تین سو انچاس صفحات پر مشتمل اس فہرست میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت اداروں،صنعتی و کمرشل یونٹس اور انفرادی ٹیکس دہندگان کے نام، نیشنل ٹیکس نمبرز اور انکے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبروں کے علاوہ دیگر متعلقہ تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں اور اس فہرست میں شامل میں لوگوں، اداروں اور یونٹس کو ایکٹو ٹیکس پیئرز قرار دیا گیا ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ فہرست میں شامل ان اداروں، لوگوں اور یونٹس سے ایٹ سورس انکم ٹیکس کٹوتی کی جائیگی۔

ایف بی آر کی جاری کردہ فہرست میں بڑی تعداد میں ایسے لوگ اور ادارے و یونٹس بھی شامل ہیں جن کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبرز نہیں ہیں اور بہت سے ایسے لوگ اور ادارے بھی شامل ہیں جن کے این ٹی این نمبرز نہیں، اس فہرست میں شامل لوگوں، اداروں اور یونٹس سے ایٹ سورس انکم ٹیکس کٹوتی کی جائیگی۔