ٹی20 ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 24 مئ 2024
(فوٹو: انٹرنیٹ)

(فوٹو: انٹرنیٹ)

  لندن: ٹی 20 ورلڈکپ 2024ء کے لیے قومی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

اس بات کا اعلان قومی سلیکشن کمیٹی نے لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سلیکشن کمیٹی کے مطابق ورلڈکپ اسکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان، فخرزمان، اعظم خان، عثمان خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی،  شاداب خان، محمد عامر، عباس آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔

اسکواڈ میں شامل عثمان خان، اعظم خان، ابرار احمد، عباس آفریدی اور صائم ایوب پہلی بار ٹی20 ورلڈکپ کھیلیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : اسکواڈ کے اعلان میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت نہ ہونے پر محسن نقوی برہم

سلیکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ ٹیم متوازن ہے جس میں تجربہ کار اور نوجوان کرکٹرز شامل ہیں، حارث رؤف فٹ ہیں، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ان کا کردار بہت اہم ہوگا۔

ٹی20 ورلڈکپ کیلئے قومی اسکواڈ کے اعلان کی ڈیڈ لائن 24 مئی تھی، چار ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے قومی ٹیم اس وقت انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے میں مصروف ہے۔ بعد ازاں یکم جون کو میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے امریکا روانہ ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان ورلڈکپ کے گروپ اے میں روایتی حریف بھارت، آئرلینڈ، کینیڈا اور امریکا کے ساتھ موجود ہے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گا۔ پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ 9 جون کو نیویارک میں کھیلا جائے گا اور پاکستان کینیڈا 11جون کو مدمقابل ہوں گے اسی طرح 16 جون کو پاکستان آخری گروپ میچ آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔