6 ماہ سے خالی ہاتھ قومی کرکٹرز کی بے چینی بڑھنے لگی

بورڈ نے ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی 20 میں شرکت کا بھی کوئی معاوضہ نہیں دیا۔


Saleem Khaliq June 23, 2014
رواں برس تاحال پلیئرز کو واجب الادا رقم کا آدھا حصہ بھی نہیں دیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

6 ماہ سے ماہانہ تنخواہوں اور میچ فیس سے محروم قومی کرکٹرز کی بے چینی بڑھنے لگی، بورڈ نے ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی 20 میں شرکت کا بھی کوئی معاوضہ نہیں دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 5 ماہ سے زائد عرصے کی تاخیر سے جون کے پہلے ہفتے میں کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا، ماہانہ تنخواہوں اور میچ فیس میں اضافہ تو ہو گیا لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ رواں برس تاحال پلیئرز کو واجب الادا رقم کا آدھا حصہ بھی نہیں دیا گیا۔ ماضی میں سینٹرل کنٹریکٹ میں تاخیر ہو تو گذشتہ حساب سے ادائیگیاں ہوتی رہتی تھیں، بعد میں اضافے کی صورت میں بقیہ رقم بھی جاری کر دی جاتی تھی، اس بار تو 6ماہ سے پلیئرز کو ماہانہ تنخواہیں ہی نہیں دی گئیں، ٹیم نے رواں برس یو اے ای میں سری لنکا سے ہوم سیریز کے آخری 2ٹیسٹ، بنگلہ دیش میں ایشیا کپ اور آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20میں شرکت کی مگر پلیئرز کو میچ فیس بھی نہیں دی گئی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ گذشتہ دنوں جو تھوڑی بہت رقم جاری کی گئی پلیئرز کی اس سے بالکل تسلی نہیں ہو سکی، اب وہ آپس میں اس حوالے سے صلاح و مشورہ بھی کرنے لگے ہیں، چیئرمین نجم سیٹھی سے شکایت کی تجویز بھی زیر غور ہے،ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی کوآئی سی سی کی جانب سے ورلڈ ٹی20میں شرکت کی فیس تقریباً9 ملین ڈالر بھی موصول ہو چکی لہذا کوئی مالی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔ اس حوالے سے استفسار پر بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ گذشتہ دنوں کھلاڑیوں کو کچھ رقم دی گئی، باقی بھی جلد جاری کر دی جائے گی۔