یمن میں دہشت گردوں کا ایئرپورٹ پر حملہ 6 حملہ آوروں سمیت 8 اہلکار ہلاک

حملہ آوروں نے پہلے آرمی ہیڈکوارٹر کے قریب خودکش حملہ کیا جس کے بعد ایئرپورٹ کی حدود میں فائرنگ کرتے ہوئے داخل ہوگئے


فائرنگ کے تبادلے میں 6 حملہ آور ہلاک اور4 کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔حکام فوٹو؛فائل

یمن میں دہشت گردوں نے ایئرپورٹ پر حملہ کر کے مسافروں کو یرغمال بنا لیا جبکہ سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ کے دوران 6 حملہ آور ہلاک اور 4 کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 8 اہلکار ہلاک بھی ہوئے۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے جنوبی شمالی صوبے ہڈراموٹ میں سیکیورٹی فورسز نے ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کردیا جبکہ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 حملہ آور اور 8 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ حملہ آوروں میں سے ایک نے ایئرپورٹ میں داخل ہونے سے قبل قریب ہی واقع ملٹری ہیڈ کوارٹر کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر حملہ آور ایئرپورٹ کی حدود میں داخل ہوگئے۔


دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے ایئرپورٹ کے اندر داخل ہوئے تو مزاحمت پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز کے 3 اہلکار گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگئے جبکہ حملہ آوروں نے رن وے کی جانب جانے کی کوشش کی تاہم اس سے قبل ہی فوج کی بھاری نفری نے ایئرپورٹ کو گھیرے میں لے لیا اوردونوں جانب سے فائرنگ کے تبادلے میں 6 حملہ آور ہلاک اور 4 کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ دیگر دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔


حکام کے مطابق دہشت گرد یمن ایئرویز کے جہاز کے مسافروں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے تاہم فوجی دستوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا گیا جبکہ دوسری جانب صدر ابو منصور ہادی نے ایئرپورٹ پر حملے کے نتیجے میں سایون کے آرمی کمانڈر جنرل محمد سومالی کو برطرف کرتے ہوئے ان کی جگہ جنرل احمد الی ہادی کو تعینات کردیا۔ صدر منصور ہادی نے سیکیورٹی فورسز کو دارالحکومت صنعا سمیت ملک بھر میں ہائی الرٹ کی ہدایات جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ دہشت گردوں کے لئے بھرپور کارروائی جاری رکھی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے