غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر کی سطح عبور کرگئے

ان ذخائر میں سے9ارب 18کروڑ 95لاکھ ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس جبکہ5 ارب7 کروڑ40لاکھ ڈالر دیگر بینکوں کے پاس ہیں


Business Reporter June 27, 2014
ان ذخائر میں سے 9 ارب 18 کروڑ 95 لاکھ ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس جبکہ 5 ارب 7 کروڑ 40 لاکھ ڈالر دیگر بینکوں کے پاس ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ ذخائر ایک ہفتے کے دوران 69 کروڑ 23 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 14 ارب 26 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے۔

مرکزی بینک سے جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 20 جون 2014 کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتہ کے دوران 14 ارب 26 کروڑ 35 لاکھ ڈالر ہوگئے، ان ذخائر میں سے 9 ارب 18 کروڑ 95 لاکھ ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس جبکہ 5 ارب 7 کروڑ 40 لاکھ ڈالر دیگر بینکوں کے پاس ہیں۔ اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ 20 جون 2014 کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر 52 کروڑ 2 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 9 ارب 18 کروڑ 95 لاکھ ڈالر ہو گئے جو گزشتہ ہفتہ کے دوران 8 ارب 66 کروڑ 93 لاکھ ڈالر تھے۔

مرکزی بینک کے ذخائر میں اضافے کی بنیادی وجہ کثیرجہتی دوطرفہ ذرائع سے حاصل ہونے والی 25 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی رقم ہے جس میں ورلڈ بینک سے حاصل ہونے والی 23 زکروڑ ڈالر کی رقم بھی شامل ہے، مرکزی بینک نے 30 کروڑ ڈالر کی رقم نجکاری آمدنی کی مد میں بھی حاصل کی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 20 جون 2014 کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتے کے دوران بیرونی قرضوں کی ادائیگی کی مد میں مرکزی بینک نے 23 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی ادائیگی اپنے ذخائر میں سے کی جس میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی ادائیگی بھی شامل ہے۔