گول کیپر کی آنکھیں لیزر شعاعوں سے خیرہ کرنے کا الزام

روسی کوچ ریفریز سے بھی سخت نالاں،الجزائرکی پیش قدمی متنازع بنائی جانے لگی


Sports Desk June 28, 2014
اسلام سیلمانی نے بڑی آسانی سے گیند کو گول پوسٹ میں پھینک کر افریقی ٹیم کو مقابلہ1-1سے ڈرا کرنے کا موقع فراہم کردی فوٹو: فائل

GILGIT: فٹبال ورلڈ کپ میں الجزائرکی پیش قدمی متنازع بنائی جانے لگی،ریفریز سے نالاں روسی ہیڈ کوچ فابیو کپیلو نے گول کیپر ایگور ایکنفیف کی آنکھیں لیزر شعاعوں سے خیرہ کیے جانے کا الزام دھر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کیورٹیبا میں میچ کے چھٹے منٹ میں ہی خسارے میں جانے والے الجزائر کی شکست اسے ورلڈ کپ سے باہر کرنے کیلیے کافی ہوتی، دوسری طرف روس کو بھاری مارجن سے فتح درکار تھی، اسلام سیلمانی نے بڑی آسانی سے گیند کو گول پوسٹ میں پھینک کر افریقی ٹیم کو مقابلہ1-1سے ڈرا کرنے کا موقع فراہم کردیا، یاسین براہیمی کی فری کک پر جس انداز میں گول کیپر ایگور ایکنفیف نے ہتھیار ڈالتے ہوئے حریف کیلیے میدان کھلا چھوڑااس پر سب کو حیرت ہوئی، ٹی وی ری پلیز میں گول سے چند سیکنڈز قبل ان کی آنکھوں میں لیزرشعاعیں پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا جس سے نظریں چندھیا گئی ہونگی۔

روسی ٹیم کے ہیڈ کوچ فابیو کپیلیو نے کہاکہ لیزر بیم نے گول کیپر کو اندھا کردیا تھا، تصویریں اور فوٹیج اس کا ثبوت ہیں،ہم کوئی جواز تراشنے کی کوشش نہیں کررہے،حقیقت یہی ہے کہ چہرے پر پڑنے والے لیرز کے سبب ایکنفیف کی توجہ منتشر ہوئی اور وہ اپنی ذمہ داری سے انصاف نہیں کرسکے۔انھوں نے الجزائر کے گول کا سبب بننے والی فری کک پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں ریفریز کی کارکردگی کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا، فابیو نے کہا کہ میں نے اب تک اپنی زبان پر تالا لگائے رکھا تاہم اب ہمارا سفر ختم ہوگیا،اس لیے کھل کر بات کرسکتا ہوں، روس نے شاندار فٹبال کھیلی،پلیئرز نے میچ میں بہت کم غلطیاں کیں لیکن بدقسمتی سے حالات ہمارے لیے سازگار نہیں رہے۔