انجان گھر میں اجازت لے کر داخل ہونے والی نامعلوم خاتون باتھ روم میں جاں بحق

خاتون نے دستک دی اور کہا کپڑے پھٹے ہوئے ہیں تبدیل کرنے ہیں پھر گھر میں جاکر باتھ روم میں جاں بحق ہوگئی


Staff Reporter July 13, 2024
(فوٹو: فائل)

نیوکراچی انڈسٹریل ایریا میں ایک گھر میں اجازت لے کر داخل ہونے والی نامعلوم خاتون باتھ روم میں مردہ حالت میں ملی۔

ایس پی نیوکراچی فیصل نور کے مطابق نامعلوم خاتون کے بازو سے کپڑے پھٹے ہوئے تھے اس نے ایک گھر پر دستک دی۔ دروازہ کھلنے پر خاتون نے بتایا کہ اس کے کپڑے پھٹ چکے ہیں وہ کپڑے تبدیل کرنا چاہتی ہے جس پر گھر کی خواتین نے اسے اندر آنے کی اجازت دےدی۔

باتھ روم میں جانے کے بعد خاتون پُراسرار طور پر جاں بحق ہوگئی۔ اہل خان نے فوری طور پر ریسکیو ٹیم کو اطلاع دی جس پر رضا کار متوفیہ کو عباسی شہید اسپتال لائے۔

ایس پی نے مزید بتایا کہ متوفیہ کی شناخت نہیں ہوسکی اور یہ بھی نہیں معلوم ہوسکا وہ کس علاقے میں رہتی ہے؟ ایک اندازے کے مطابق متوفیہ نشی معلوم ہوتی ہے۔