کراچی میں سمندری ہوائیں معطل شدید گرمی اور حبس برقرار

پیر کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.6 رہا جبکہ گرمی اس سے 10 ڈگری زائد محسوس کی گئی


Staff Reporter July 22, 2024
فوٹو: ایکسپریس ویب

شہرمیں مون سون کی بارشوں کے باوجود گرمی کا زورنہ ٹوٹ سکا، اتوار کی شب سے سمندری ہوائیں بند ہونے کے سبب ہوا میں نمی کا تناسب خطرناک حد تک بڑھ گیا۔

پیر کو شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.6 جبکہ ہیٹ انڈیکس اس سے 10 ڈگری سے زائد محسوس کیا گیا، صبح وشام نمی کا تناسب 79 فیصد ریکارڈ ہوا جس کی وجہ سے اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرمی محسوس کی گئی۔

اس دوران شدید حبس کی کیفیت طاری رہی۔ باقی ماندہ شہر میں شدید گرمی کے دوران مضافاتی علاقوں اسٹیل ٹاون، گڈاپ، ملیرسمیت ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش و پھوار ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گڈاپ ٹاون میں سب سے زیادہ بارش 4.2 ملی میٹربارش ہوئی، جناح ٹرمینل پر1.6 ملی میٹر، ملیر ہالٹ اور یونیورسٹی روڈ پر1.2 ملی میٹرجبکہ سب سے کم سب سے کم بارش شاہراہ فیصل پرایک ملی میٹرریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق کراچی کے جنوب میں موجود ہوا کا کم دباؤ اب جنوبی سندھ اوراس سے ملحقہ شمالی بحیرہ عرب میں موجود ہے، منگل اور بدھ کومطلع جزوی ابرآلود جبکہ شام تا رات ہلکی بارش و بوندا باندی کا امکان ہے

دو روز کے دوران کم سے کم پارہ 29 سے 31 جبکہ زیادہ سے زیادہ 34 تا 36 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے، نمی تناسب صبح کے وقت 80 جبکہ شام کو 70 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔