مددگار 15 پر تفریحی کالز کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

رواں سال 41 ہزارگاڑی چوری،3 ہزار موٹر سائیکل چوری، 5 ہزار موبائل فون چھیننے کی کال آئیں، 95 فیصد تفریحی کالز ہوتی ہیں


Staff Reporter July 01, 2014
رواں سال 41 ہزارگاڑی چوری، 3 ہزار موٹر سائیکل چوری، 5 ہزار موبائل فون چھیننے کی کال آئیں، 95 فیصد تفریحی کالز ہوتی ہیں۔ فوٹو: فائل

آئی جی سندھ اقبال محمود کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈی آئی جی کرائم، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سندھ، ڈی آئی جی ٹریننگ سندھ و دیگر اسٹاف افسران جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے ڈی آئی جی سکھر ، ڈی آئی جی حیدرآباد ، کراچی پولیس کے تینوں زونل ڈی آئی جیز نے شرکت کی ، اجلاس میں مددگار 15 پر موصول ہونے والی تفریحی ٹیلی فون کالوں کا نوٹس لیتے ہوئے ایسی کال کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اجلاس کو بتایا گیا کہ موصول ہونے والی ٹیلی فون کالز میں 95 فیصد ایسی کالز ہیں جو کہ تفریح کے طور پر کی جاتی ہیں۔

آئی جی سندھ نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کالز کو نہ صرف بلاک کیا جائے گا بلکہ دستیاب قوانین کے مطابق کالرز کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے ، انھوں نے کہا کہ اس قسم کے کالز کی وجہ سے مددگار 15 نظام میں ٹیلی فون لائن مصروف ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے جینوئن کالرز کو مشکلات پیش آتی ہیں ، آئی جی سندھ نے مددگار 15 کی کارکردگی میں بہتری کے لیے ایس ایم ایس سروس شروع کرنے کے حوالے سے اقدامات کی ہدایت کی۔

انھوں نے کہا کہ مددگار 15 کے نظام میں ایس ایم ایس کی افادیت کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے سروس شروع کرنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ ارسال کی جائے ، اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال یکم جنوری تا 30 جون مددگار 15 پر 41 ہزار 314 گاڑی چوری ، ایک ہزار 402 موٹر سائیکل چھیننے ، 2 ہزار 158 موٹر سائیکل چوری ، 5 ہزار 135 موبائل فون چھیننے اور دیگر شہریوں کی جانب سے ٹیلی فون کالز موصول ہوئیں ، رپورٹ کے مطابق چوری و ڈکیتی میں ملوث ایک ہزار 169 ملزمان گرفتار ہوئے ۔