پاکستان رمضان میں ایدھی سینٹر میں مقیم ماؤں کی شرکت عامر لیاقت کیساتھ روزہ افطار کیا

اولاد کی بے حسی پر ماؤں کی فریاد نے حاضرین کو اشکبار کردیا،ماں کی قدر نہ کرنیوالے بد نصیب ہیں،عامر لیاقت


Staff Reporter July 02, 2014
اولاد کی بے حسی پر ماؤں کی فریاد نے حاضرین کو اشکبار کردیا،ماں کی قدر نہ کرنیوالے بد نصیب ہیں،عامر لیاقت

ایکسپریس میڈیا گروپ کے پریذیڈنٹ ڈاکٹر عامرلیاقت حسین کی میزبانی میں ایکسپریس کی براہ راست خصوصی نشریات ''پاکستان رمضان''کے عظیم الشان سیٹ پر شہریوں کی کثیرتعدادمیں شرکت کے ساتھ ساتھ معاشرے کی بے رحمی کانشانہ بننے والے افرادکی آمدکاسلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔

اس سلسلے میں میڈیا کی تاریخ کی سب سے مقبول ترین رمضان نشریات کے دوسرے روزاولاد کی بے حسی کاشکار ہوکر ایدھی سینٹر میں اپنی زندگی بسرکرنے والی باہمت ماؤں کومدعوکیاگیاجنھوں نے ڈاکٹرعامرلیاقت حسین سے گفتگوکے دوران خودپربیتنے والے مصائب اوراپنوں کے ہاتھوںپہنچنے والی تکالیف کااظہارکیا،اس دوران بڑے رقت آمیزمناظردیکھنے میں جنھیں دیکھ کروہاں موجودبیشترحاضرین روپڑے۔

سگے بیٹے کی شقاوت کا نشانہ بننے والی ایک ماں نے بتایاکہ اسے اس کے بیٹے نے ذہنی مریض قراردے کر ایدھی سینٹرمیں داخل کرادیا، اولاد کی ستم ظریفی کاشکار بننے والی دیگر خواتین نے بھی پروگرام کے دوران اپنے تاثرات بیان کیے۔ڈاکٹرعامرلیاقت نے دکھی ماؤں سے ہمدردی کااظہارکیااور بطورتحفہ انھیں کپڑوں کے خوبصورت جوڑے اور تحائف بھی دیے۔ماؤں سے گفتگو کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ ماؤں کے قدموں تلے جنت ہے اسی لیے میں ہرسال رمضان نشریات کا ایک دن ماؤں کے نام کرتاہوں۔اُن کا کہناتھا کہ ماؤں کو بے یارومددگار چھوڑدینے والی اولادیں بدقسمت ہوتی ہیں۔

انھوں نے اس موقع پر دکھی انسانیت کی بے مثال خدمت پر مولاناعبدالستار ایدھی اور ان کی اہلیہ محترمہ بلقیس ایدھی کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ افطارنشریات کے دوران اس وقت خوبصورت سماں بندھ گیا جب پانچ سو سے زائد افراد نے میزبان کے ساتھ ہم آوازہوکر سود سے پاک پاکستان کے قیام میں کردار اداکرنے کا عہدکیا ۔نشریات کی خاص بات پاکستان رمضان کے دلچسپ کوئز پروگرام ''زیر زبر پیش'' کا آغاز تھا جس میں پہلے روز ''اتحاد'' نامی ٹیم نے کامیابی حاصل کی ۔واضح رہے کہ ہرروزجیتنے والی ٹیم کو موٹرسائیکل اور موبائل فونز انعام میں دیے جائیں گے جبکہ فائنل جیتنے والی ٹیم کارسمیت کئی قیمتی انعامات کی حقدار بنے گی ۔پروگرام ''راہ نیکی'' میں مختلف مسائل سے دوچارخاندانوں کی امدادکاسلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہاجس کے دوران معذور بچے کے علاج کے لیے پریشان مزدور ظہیرعباس ،ڈاکٹروں کی غفلت کی وجہ سے مختلف امراض میں مبتلا اورنگزیب اور چار بیمار بچوں کی ماں صابرہ خاتون نے شرکت کی ۔


پروگرام کے دوران اندرون اوربیرون ملک مقیم افرادنے ڈاکٹرعامرلیاقت کی اپیل پرلبیک کہتے ہوئے مستحقین کے علاج معالجے اورگزربسر کے لیے عطیات کااعلان کیا۔اس موقع پرڈاکٹرعامرلیاقت نے محمودہ سلطانہ فاؤنڈیشن کی جانب سے بھی نیکی کے مہمانوں میں امداد ی لفافے تقسیم کیے۔اس موقع پر معروف سماجی رہنما محمد رمضان چھیپا نے ناظرین سے اپیل کی کہ وہ نیکی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ڈاکٹر عامر لیاقت اور ایم ایس ایف کو دل کھول کر عطیات دیں ۔رمضان نشریات کی ایک اور خاصیت ہر طبقہ عمر کے افراد کی عزت افزائی بھی ہے ،اس سلسلے میں دوسرے روز 100برس سے زائد العمر بزرگوں نے ڈاکٹر عامر لیاقت کے ساتھ روزہ کھولااور قیمتی تحائف بھی حاصل کیے۔

ہرایک کے پسندیدہ ''پاکستان گھر'' میںنشریات کے دوسرے روزبھی حاضرین وناظرین کی ایک بڑی تعدادنے لاکھوں روپے کے قیمتی انعامات جیتے جس میں موٹرسائیکلزاورعمرے کے ٹکٹس سمیت بہت سے بیش قیمت انعامات شامل تھے۔

ایکسپریس کے مقبول دینی پروگرام ''عالم آن ایئر'' میں اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن مفتی ابراہیم قادری، مرکزی جمعیت اہل حدیث کراچی کے ناظم اعلیٰ قاری خلیل الرحمن جاوید ،شیعہ علماء کونسل کے صوبائی جنرل سیکریٹر ی سید ناظر عباس تقوی اورجامعۃ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن سے فارغ التحصیل مفتی عبد القادرنے شرکت کی اور بھرپور علمی انداز میں ناظرین وحاضرین کے سوالات کے جوابات دیے جبکہ سحروافطار کی پرکیف ساعتوں کو قاری محمد ابراہیم کاسی اور معروف ثناخواں عمران شیخ عطاری، احمدرضاقادری ،محمدعلی سہروردی اور محمد ریحان قریشی نے دوسرے روزبھی دل آویز بنائے رکھا اورفضا میں عشق کے رنگ بکھیر دیے۔

دوسری جانب گزشتہ 13 برسوں سے الیکٹرونک میڈیا پر کامیابی کے ساتھ رمضان نشریات پیش کرکے اپنے دلنشین انداز سے دنیا بھر میں موجود کروڑوں ناظرین کا دل موہ لینے والے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے نئے گیت ''پاکستان رمضان'' نے مقبولیت کے نئے ریکارڈز قائم کردیے ہیں۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی یہ منفردروایت رہی ہے کہ وہ ہر سال رمضان المبارک کا استقبال ایک خوبصورت گیت سے کرتے ہیں اور ناظرین کے ذہنوں میں آج بھی رمضان السلام،مہمان رمضان ،ایمان رمضان ،پیغام رمضان، رحمن رمضان اور پہچان رمضان کی یادیں تازہ ہیںپھر اس کے بعد امان رمضان نے گزشتہ برس کی نشریات میں نیا رنگ بھرا تھا تاہم پاکستان رمضان نے مقبولیت کے سابقہ تمام ریکارڈزتوڑدیے ہیں ۔

مختلف ویب سائٹس پر اب تک ہزاروں کی تعداد میں اِسے ڈاؤن لوڈ کیا جاچکا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ۔ ایکسپریس کے ناظرین ایس ایم ایس سروس کے ذریعے بھی اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے مسلسل پیغامات بھیج رہے ہیں۔رمضان گیت اورڈاکٹرعامرلیاقت حسین کی آواز میں ریکارڈشدہ نئی نعتوں پرمشتمل سی ۔ڈی ''پاکستان رمضان ''عنقریب منظر عام پر آنے والی ہے جس کاڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے مداح بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔

بعد ازاں ایکسپریس کی براہ راست خصوصی نشریات ''پاکستان رمضان'' کی انفرادیت برقرار رکھتے ہوئے ڈاکٹر عامرلیاقت حسین عام رجحان کے برعکس ایسے مہمانوں کومدعوکررہے ہیں جومعاشرے کااہم حصہ ہونے کے باوجودعدم توجہی کاشکارہیں، اس حوالے سے رمضان المبارک کے پہلے روز انھوں نے سیکڑوں مہمانوں کے علاوہ بطورخاص ان گمشدہ بچوں کومدعوکیا تھاجو کئی برس قبل اپنے والدین سے بچھڑ گئے تھے۔گمشدہ بچوں کو مدعو کرنے کا مقصد انھیں ان کے والدین سے ملانا ہے۔

نشریات کے دوسرے روز ہی ڈاکٹر عامرلیاقت حسین کو اس نیک مقصد میں کامیابی مل گئی اور ایک برس قبل اوکاڑہ میں مقیم اپنے والدین سے بچھڑ کر ایدھی سینٹر کراچی پہنچنے والی9سالہ صائمہ کے والد نے ایکسپریس کے توسط سے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے رابطہ کرلیا،اس موقع پر بڑے رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے،والد اوربہن بھائیوں سے ملنے کی خوشخبری سن کر صائمہ کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے گمشدہ بچی کو والد سے ملانے کے لیے ذاتی خرچ پر اس کے والد کو اوکاڑہ سے کراچی بلالیا ہے جہاں نشریات کے دوران ہی بچی کو تحائف کے ساتھ والد کے حوالے کیا جائے گا۔