کراچی ڈکیتی میں مزاحمت پر ایک اور شہری زندگی سے محروم
ابراہیم حیدری میں 125 موٹرسائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے محمد علی نیازی کو گولیاں ماردیں
شہر میں جاری ڈاکو راج کے دوران سفاک ڈاکوؤں نے شہری کو موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے زندگی سے محروم کر دیا۔
ڈسٹرکٹ ملیر کے علاقے ابراہیم حیدری میں جمعہ گوٹھ ٹی بی اسپتال کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچائی۔
ایس ایچ او ابراہیم حیدری محمد علی نیازی نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 30 سالہ بلال کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ 125 موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے جس کے دوران ڈاکو مقتول کی موٹر سائکل چھین کر موقع سے فرار ہوگئے تاہم پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کو ایک گولی گردن اور ٹانگ پر لگی تھی ، واضح رہے کہ چند روز قبل ڈسٹرکٹ میلر کے علاقے شرافی گوٹھ میں ڈاکوؤں نے ٹریفک پولیس اہلکار عدنان کو اس کی اپلائیڈ فار رجسٹریشن کی 125 موٹر سائیکل چھیننے کے دوران فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا ۔