کراچی مختلف علاقوں میں مقابلے 10 ملزمان ہلاک اسلحہ برآمد

سائٹ سپرہائی وے،نیوکراچی اورناظم آبادپاپوش نگرمیں پولیس مقابلے،3ملزمان مارے گئے،2ملزمان متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے


Staff Reporter July 03, 2014
ناردرن بائی پاس پرمقابلہ،4طالبان کارندے ہلاک،سچل سے2مغوی تاجر بازیاب،2اغواکار ہلاک،بنارس میں ایک ملزم ماراگیا،3اہلکارزخمی۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں مقابلوں کے دوران 10ملزمان مارے گئے۔

تفصیلات کے مطابق سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریاتھانے کی نیوسبزی منڈی پولیس چوکی کے علاقے سپرہائی وے جنجارروڈاختر سعید کانٹا کے قریب پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیاجبکہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک راہگیرزخمی ہوگیا ،جنجار روڈ کے قریب اخترسعید کانٹا کے پاس2موٹر سائیکلوں پر سوار3 مسلح ملزمان نے لال رنگ کی جیپ کو رکنے کااشارہ کیا اور نہ روکنے پرجیپ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں30 سالہ نجیب اﷲ زخمی ہوگیا فائرنگ کی آواز سنتے ہی گشت پر مامورپولیس موبائل موقع پرپہنچ گئی ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوکرموٹر سائیکل سمیت نیچے گر گیاجبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے ، پولیس ملزم کوعباسی شہید اسپتال لے جا رہی تھی کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا، ملزم کی فائرنگ سے زخمی ہونے والانجیب اﷲ میمن گوٹھ کارہائشی ہے ،پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سے موٹرسائیکلKSM-8296 اورایک ٹی ٹی پستول برآمد کر لی،ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی۔ نیوکراچی پولیس نے سیکٹر11-J جونیجوجماعت خانہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم30سالہ محمدعلی عرف کپی ہلا ک ہوگیا۔

ایس ایچ او نیوکراچی چوہدری افضل نے بتایاکہ منگل اوربدھ کی درمیانی شب پولیس معمول کی گشت پرتھی کہ رکشامیں سوار مشتبہ شخص کوچیک کرنے کیلیے جیسے ہی پولیس موبائل روکی ملزم نے فائرنگ کر دی اور رکشا سے اتر کر فرار ہونے لگاپولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم محمد علی عرف کپی ہلاک ہو گیا، ہلاک ہونے والا ملزم محمدعلی نے بھتہ نہ دینے پر3 افراد کو قتل کیاجبکہ ملزم پر14سے16 دیگر مقدمات بھی درج ہیں، محمد علی نیو کراچی سیکٹر11جے کاٹھیاواڑی محلے کا رہائشی تھا۔

گبول ٹائون صنعتی ایریاپولیس نے ناظم آباد پاپوش نگرکے علاقے چاندنی چوک کے قریب منگل اوربدھ کی درمیانی شب پولیس مقابلے میں ملزم30سالہ علی حیدرعرف علی ایرانی ہلاک ہوگیا۔ایس ایچ او عابدحسین کا کہنا ہے کہ منگل کو شفیق موڑ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایئر پورٹ سے آنے والی فیملیزکو اسلحہ کے زور پر لوٹنے والے ملزم شہروز کو گرفتار کیا تھا جبکہ ملزم علی ایرانی فرار ہوگیا ، گرفتار ملزم شہروز کی نشاندہی پر چاندنی چوک پر ملزم علی ایرانی کی گرفتاری کیلیے پولیس نے چھاپہ مارا تو ملزم نے فائرنگ کر دی اورگھر کے پچھلے گیٹ سے فرار ہونے لگا،پولیس نے ملزم کو گھیرے میں لے کر جوابی فائرنگ کی جس سے ملزم علی ایرانی ہلاک ہوگیا ، ملزمان عادی جرائم پیشہ ہے اوران کا ٹارگٹ ایئر پورٹ سے آنے والی فیملیز ہوتی تھی۔

ایس ایس پی ملیر راؤ انوارکی سربراہی میں گڈاپ ٹاؤن پولیس کی بھاری نفری نے ناردرن بائی پاس ملیرکینٹ رینجرزہیڈکوارٹرکے عقب میں قائم شادی خان گوٹھ میں مبینہ مقابلے کے دوران4مبینہ ملزمان کو ہلاک کردیا،ہلاک ہونے والوں کی عمریں تقریباً 30سے35سال کے درمیان بتائی جاری ہیں،ایس ایچ او گڈاپ خان نواز نے بتایا کہ ایس ایس پی ملیر کو اطلاع ملی تھی کہ ناردرن بائی پاس شادی خان گوٹھ میں غیرملکی موجود ہیں جس پر پولیس نے بھاری نفری کے ہمراہ شادی خان گوٹھ کا محاصرہ کیااور تلاشی کاسلسلہ شروع کیا تو ملزمان نے اپنے ٹھکانوں سے پولیس پرفائرنگ کردی پولیس کی جوابی فائرنگ سے4حملہ آور ہلاک ہوگئے، ملزمان کی پناہ گاہوں سے3 ٹی ٹی پستول اورایک کلاشنکوف برآمد کرلی گئی۔

ہلاک ہونے والے3 ملزمان کی شناخت ذاکر اﷲ اسماعیل اورشاہ فیصل کے نام سے کر لی گئی جبکہ ہلاک ہونے والے ایک ملزم کی تاحال شناخت نہیں کی جا سکی،ہلاک ہونے والے کالعدم تحریک طالبان کے کارندے ہیں جن کاڈی این اے ٹیسٹ کروایا جائے گاتاکہ اگر وہ پاکستانی ہیں توان کی شناخت کی جا سکے۔پولیس نے شادی خان گوٹھ میں قائم دہشت گردوں کے15سے زائد مورچے تباہ کر دیے۔سچل پولیس نے خفیہ اطلاع پرگڈاپ کے علاقے گولیارسوسائٹی میں مکان پرچھاپہ مارکر2مغوی تاجروں فضل اور حبیب الرحمٰن کوبحفاظت بازیاب کرالیا۔

ایس ڈی پی اوسہراب گوٹھ ڈی ایس پی قمراحمدنے بتایا کہ پولیس مقابلے میں 2 اغواکار بھی مارے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ اوردستی بم برآمدہواہے تاہم ان کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی جبکہ دیگر4ملزمان پولیس پرفائرنگ کرتے ہوئے فرارہوگئے،ملزمان نے منگل کو دونوں افرادکو گلشن معمار کے علاقے کرنل فارم ہاؤس کے قریب سے کارسمیت اغوا کیاتھا اوردونوں افرادکا گلشن اقبال میں الیکٹرونکس کا کاروبار ہے، ملزمان نے مغویوں کوجس علاقے میں رکھا تھا وہاں پر سیکیورٹی کے لیے گارڈزبھی تعینات ہیں تاہم پولیس اس بات کابھی سراغ لگارہی ہے کہ مذکورہ گھرکس کی ملکیت ہے اورملزمان اس گھرتک کس طرح پہنچے۔

پیرآباد کے علاقے بنارس پل کے نیچے واقع الوطن ہوٹل کے قریب پولیس کودیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار نعمان ، علی عباس اور شہزاد زخمی ہوگئے، ایس پی اورنگی ساجدسدوزئی کے مطابق پولیس نے تعاقب اورجوابی فائرنگ میں ایک ملزم کو ہلاک کر دیا جس کی شناخت عمیرکے نام ہے ہوئی ہے اوراس کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سوات گروپ سے بتایا جاتاہے۔انھوں نے بتایاکہ ہلاک ہو نے والا ملزم اورنگی ٹاؤن،مومن آباداورپیرآبادمیں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا،پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سے ایک پستول برآمد ہوئی ہے۔درخشاں پولیس نے بدر کمرشل کے قریب مقابلے کے بعدزخمی حالت میں ملزم مرادعلی کوگرفتارکرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمدکرلیاجبکہ اس کاساتھی فرارہوگیا۔