کراچی پولیس آفس حملے پر بننے والی فلم کا پریمیئر آئی جی سندھ کی شرکت
پریمیئر میں کے پی او حملے کا دفاع کرنیوالے پولیس افسران و جوانوں کو بھی خصوصی مدعو کیا گیا تھا
کراچی پولیس آفس (کے پی او) حملے پر بننے والی فلم کا پریمیئر کراچی میں منعقد ہوا جس میں آئی جی سندھ نے بھی خصوصی شرکت کی۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے کراچی پولیس چیف سمیت دیگر پولیس افسران کے ہمراہ نجی سینما میں عوام کے ہمراہ فلم دیکھی، پریمیئر میں کے پی او حملے کا دفاع کرنیوالے پولیس افسران و جوانوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ یاور رضا چاؤلہ اور ان کی ٹیم کا شکریہ جنھوں نے پولیس کی کاوشوں پر فلم بنائی، اس طرح کی فلمیں بنتی رہنی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ عام طور لوگ نہیں جانتے یا انہیں معلوم نہیں ہو پاتا کہ پولیس کس طرح سے کام کررہی ہے، فلم بینوں کو یہ معلوم ہوسکے گا کہ پولیس ہمہ وقت مستعد اور تیار رہتی ہے۔
غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ پولیس کے بہتر امیچ کی عوام تک رسائی کا یہ بہترین ذریعہ ہے ، شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ہی محکمہ پولیس آج اپنے مقاصد و اہداف تک پہنچا ہے۔