فیفا ورلڈ کپکوارٹرفائنل مرحلے میں آج برازیل کولمبیا اور فرانس و جرمنی کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی

ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں آج میزبان کاکولمبیا سے مقابلہ، شائقین کی توقعات پلیئرز کے اعصاب پر سوار ہونے لگیں


AFP/Sports Desk July 04, 2014
مقابلے سے قبل جرمنی کے7 پلیئرز کو بخار چڑھنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ فوٹو؛فائل

ورلڈ کپ میں آخری 8 ٹیموں کی قسمت کے فیصلے کا وقت آگیا، پہلے مرحلے میں آج 2 ٹیموں کا سفر ختم ہو جائے گا۔

برازیل کی ٹیم کولمبیا سے مقابلہ کرے گی جبکہ فرانس کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا۔ انجانا خوف میزبان سائیڈ کے دل کی دھڑکن تیز کرنے لگا، شائقین کی توقعات پلیئرز کے اعصاب پر سوار ہونے لگی ہیں، اسی لیے گذشتہ دنوں کوچ نے ماہر نفسیات کو بھی طلب کیا، کولمبیئن اسٹار جیمز روڈرگوئیز ایک بار پھر اپنی ٹیم کیلیے سپہ سالار کا کردار ادا کرنے کو بے چین ہے، تھائی کے درد کو بالائے طاق رکھ کر نیمار بھی جادو جگائیں گے۔

قبل ازیں دن کے پہلے معرکے میں جرمنی کا ٹکراؤ فرانس سے ہوگا، تھامس مولر جرمن اور کریم بینزیما فرمچ امیدوں کے محور ہیں، مقابلے سے قبل جرمنی کے7 پلیئرز کو بخار چڑھنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

میزبان سائیڈ برازیل پر چھٹی مرتبہ چیمپئن بننے کیلیے توقعات کا کافی دباؤ ہے جس سے نمٹنے کے لیے کوچ اسکولیری کھلاڑیوں کا ماہر نفسیات سے سیشن بھی کراچکے ہیں ، برازیل نے اب تک ورلڈ کپ میں 8 گولز کیے،ان میں سے چار بار نیمار نے گیند جال میں پہنچائی، وہ چلی سے میچ میں تھائی انجری کا شکار ہوگئے تھے تاہم اب بہتر اور میدان میں اترنے کیلیے تیار ہیں، کوچ کیلیے تشویش کی بات مڈ فیلڈ ہے کیونکہ لوئز گسٹائو چلی سے میچ میں بک ہوکر اس مقابلے کیلیے معطل ہوچکے ہیں،ان کی جگہ رامیریس کو کھلایا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب کولمبیا اب تک میگا ایونٹ میں ایک ایک لمحے سے لطف اٹھارہا ہے، یہ اس کی ورلڈ کپ میں بہترین مہم ہے، وہ اپنے تمام 4 میچز جیت چکا، ان میں گیارہ گول کیے اور اس کے خلاف صرف چار گول ہوئے۔ کولمبیا کے پاس روڈریگوئیز کی صورت میں اہم ہتھیار موجود ہے، وہ اب تک اس ٹورنامنٹ میں 5 گول کرچکے اورگولڈن بوٹ کیلیے اپنی مہم کو تیز کرنے کیلیے تیار ہیں۔ قبل ازیں پہلے میچ میں یورپ کی 2 ہیوی ویٹ ٹیموں فرانس اور جرمنی کا ٹکرائو ہو گا، میگا ایونٹ میں فرنچ ٹیم نے حیران کن پرفارم کیا مگر ابھی اس کا ایک بڑا امتحان باقی ہے، فرانس کو میگا ایونٹ کے سیمی فائنلز میں اس سے قبل 1982 اور 1986 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا،ٹیم کا موجودہ ایونٹ میں سفر 2010 سے بہتر ہی رہا جس میں وہ باہمی تنازعات میں الجھ کر پہلے ہی رائونڈ سے باہر ہوگئی تھی۔

برازیل میں فرنچ سائیڈ نے اب تک چار میچز میں 10 گول کیے،آخری 8 ٹیموں میں وہ اپنی محنت اور ٹیم ورک کے بل پر پہنچی، فرانس اور جرمنی کا اب تک مختلف مواقع پر 25 بار آمنا سامنا ہوچکا جس میں سے فرانس نے 11 اور جرمنی نے 8 میچز جیتے ۔البتہ فرنچ سائیڈ 1982 کا زخم نہیں بھول پائے گی جب اسے اضافی وقت میں 3-1 سے برتری تھی مگر جرمنی کی جانب سے یکے بعد دیگرے2گول سے مقابلہ برابر ہوا اور پھر پنالٹی شوٹس پر فرانس ہار گیا تھا۔ جرمنی کو تیسری اور آخری مرتبہ ورلڈ چیمپئن بنے 24 سال بیت چکے ہیں، گذشتہ2ایونٹس میں وہ ٹائٹل کے قریب پہنچ کر خالی ہاتھ رہ گئی، اس با توقعات کے شدید دبائو کا سامنا ہے، میچ سے قبل جرمنی کے سات کھلاڑی بخار میں مبتلا ہوگئے، اس کا انکشاف کوچ جوکھیم لیو نے کیا تاہم انھوں نے ان کھلاڑیوں کے نام ظاہر نہیں کیے۔