پی سی بی قومی کرکٹرز کی ’’ٹویٹس‘‘ پر نظر رکھنے لگا

متنازع امور پرتبصرہ کرنے والے ایک پلیئرکی سرزنش،سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی شق شامل


Saleem Khaliq July 05, 2014
ٹویٹر پر کئی پاکستانی پلیئرز اپنے پرستاروں سے رابطے میں رہتے ہیں۔ فوٹو: فائل

پی سی بی قومی کرکٹرز کی ''ٹویٹس'' پر نظر رکھنے لگا،گذشتہ دنوں متنازع امور پر اظہار خیال کرنے والے ایک کھلاڑی کی سرزنش ہوئی۔

سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی سوشل میڈیا استعمال کرنے کے حوالے سے سخت شقیں شامل کی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹویٹر پر کئی پاکستانی پلیئرز کی اکائونٹس موجود ہیں،ان کے ذریعے وہ اپنے پرستاروں سے رابطے میں رہتے ہیں، کرکٹ بورڈ بھی ان پر گہری نظر رکھتا ہے تاکہ کوئی ایسی بات نہ ہو جس سے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے، ذرائع نے بتایا کہ لاہور میں پی سی بی ہیڈکوارٹر میں ایک نوجوان کا تقرر اسی لیے کیا گیا تاکہ وہ پلیئرزکی سوشل میڈیا پر سرگرمیوں کا جائزہ لیتے رہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں اب معروف شخصیات کی ٹوئٹس بھی ٹی وی اور اخبارات کی زینت بن جاتی ہیں، ایسے میں کسی بھی غیرضروری تبصرے سے کوئی تنازع کھڑا ہو سکتا ہے، بورڈ کھلاڑیوں کی آزادی سلب نہیں کرنا چاہتا، اسی لیے انھیں تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے پرستاروں سے بات چیت کا حق دیا، مگر ساتھ محتاط رہنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ گذشتہ دنوں ایک نوجوان بیٹسمین نے سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے کوئی ٹویٹ کی اس کا اعلیٰ حکام کو فوراً علم ہو گیا اور اس کی سرزنش کرتے ہوئے کہاگیا کہ ''ایک طرف تم کپتان بننے کی باتیں کرتے ہو اور ٹویٹر پر رویہ ایسا بچکانہ ہے'' اس موقع پر اسے بعض ٹویٹس کے پرنٹ آئوٹ دکھائے گئے۔

جس پراس نے مستقبل میں محتاط رہنے کا وعدہ کیا۔ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی بورڈ نے سوشل میڈیا کے حوالے سے سخت شقیں شامل کی ہیں، ٹور کے دوران کسی کو بھی ٹویٹر یا فیس بک کے استعمال کی اجازت نہیں ہے، خلاف ورزی پر سخت سزائیں رکھی گئی ہیں۔