سندھ حکومت نے رواں سال ہزاروں نوجوانوں کو ضلعی سطح پر فری لانسنگ، کمپیوٹر، ڈرائیونگ، اسکل ڈیولپمنٹ، آرٹس سمیت دیگر کورسز کی مفت تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر سردار محمد بخش مہر نے کہا ہے کہ رواں سال ہزاروں نوجوانوں کو ضلعی سطح پر فری لانسنگ،کمپیوٹر، ڈرائیونگ، اسکل ڈیولپمنٹ ، آرٹس سمیت دیگر کورسز کی مفت تربیت دی جائے گی۔ محکمہ نوجوانان گزشتہ سال 25 ہزار نوجوانوں کو مختلف اقسام کی تربیت دے چکا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں مزید کہا کہ سندھ کے ہر نوجوان کو معاشی خود مختاری دینے کےلیے ہنر مند بنانا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ویژن ہے، سندھ حکومت نے لاکھوں نوجوانوں کو درپیش مسائل سے نکالا ہے۔ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔
سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ سندھ حکومت مختلف محکموں میں ہر سال لاکھوں نوجوانوں کونئی نوکریاں دےرہی ہے۔ محکمہ صوبے کے نوجوانوں کی مدد کے لیے رجسٹرڈ تنظیموں کو بھی فنڈز فراہم کرتا ہے۔ سندھ حکومت نوجوان نسل کو کھیلوں کے میدان کی طرف راغب کرنے کے لیے ہر وقت کوشاں ہے۔