تیسری پوزیشن کا ٹاکرا دل شکستہ برازیل آج نیدر لینڈز کے مقابل

میزبان ٹیم کو مایوسی کے اندھیروں سے نکالنے کیلیے انجرڈ نیمار ٹریننگ کیمپ میں پہنچ گئے


Sports Desk July 12, 2014
نیدرلینڈز کے ممفس ڈیپے، کپتان روبن وان پیرسی اور دفاعی کھلاڑی ڈیرل جینماٹ رننگ میں مصروف ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

فٹبال ورلڈ کپ کا خواب بکھرنے سے دل شکستہ برازیل اور نیدرلینڈزکی ٹیمیں آج مقابل ہونگی۔

تیسری پوزیشن کے میچ میں فتح پرستاروں کے زخموں پر مرہم رکھنے کے مترادف ہوگی، میزبان ٹیم کو مایوسی کے اندھیروں سے نکالنے کیلیے انجرڈ اسٹار نیمار ٹریننگ کیمپ پہنچ گئے، میچ کے دوران بھی موجود رہیں گے، ریکارڈز کے آئینے میں حریفوں کا پلڑا برابر ہے،دونوں نے11باہمی مقابلوں میں 3،3 فتوحات اپنے نام کیں،معطلی کے بعد واپس آنے والے کپتان تھیاگو سلوا اور ڈیوڈ لوئز مقامی شائقین کی امیدوں کا مرکز ہونگے، یورپی ٹیم کی توقعات روبن اور ویسلے شنیڈر سے وابستہ ہونگی۔

تفصیلات کے مطابق فٹبال ورلڈ کپ کا خواب بکھرنے کے بعد برازیل اورنیدرلینڈ کی ٹیمیں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب تیسری پوزیشن کے حصول کیلیے آمنے سامنے ہونگی، میزبان ٹیم کوسیمی فائنل میں جرمنی نے 7-1سے عبرت ناک شکست دیکر مقامی شائقین کی امیدوں پر پانی پھیرا تھا جبکہ نیدرلینڈز کوارجنٹائن نے پنالٹیز پر زیر کرتے ہوئے ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا تھا، میگا ایونٹ کی فیورٹ ٹیموں میں شامل ہونے کے بعد کوئی بھی تیسری پوزیشن کا میچ خوش دلی سے کھیلنا پسند نہیں کرتا لیکن بدقسمتی سے یہ موقع آچکا، اس مقابلے میں فتح پرستاروں کے زخموں پر مرہم رکھنے کے مترادف ہوگی۔

ریکارڈز کے آئینے میں دیکھا جائے تو برازیل اورنیدرلینڈز اب تک 11 مرتبہ مقابل آچکے ہیں جن میں پلڑا برابر رہا،3،3 مرتبہ کامیابی دونوں ٹیموں کا مقدربنی جبکہ 5 میچ برابری پرختم ہوئے، دونوں نے ایک دوسرے کیخلاف 15، 15گول اسکورکیے۔ برازیل کی ٹیم نے میگا ایونٹ کی تاریخ میں دومرتبہ تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ 1974میں اسے چوتھی پوزیشن پراکتفا کرنا پڑا تھا۔ تاہم اس بار کہانی ذرا مختلف ہوچکی ہے، انجرڈ اسٹارنیمار اور ڈسپلنری ایکشن کے تحت معطل کپتان تھیاگو سلوا کے بغیر سیمی فائنل کھیلنے والی برازیلی ٹیم کے حوصلے جرمنی نے پست کردیے تھے، مختصر وقت میں اس صدمے سے نکل کر بہتر پرفارم کرنا آسان نہیں ہوگا۔

نیمار نے انجرڈ ہونے کے بعد پہلی بار ٹریننگ کیمپ کا دورہ کرکے ساتھی کھلاڑیوں کو مایوسی کے اندھیروں سے نکالنے کی کوشش کی ہے، پلے آف میچ کے دوران بھی ٹیم کیساتھ موجود رہیں گے۔معطلی کے بعد واپس آنے والے کپتان تھیاگو سلوا اور سیمی فائنل میں شکست پر زارو قطار روتے نظر آنے والے ڈیوڈ لوئز یہ ثابت کرنے کی بھرپور کوشش کرینگے کہ ایک شکست سے برازیلی فٹبال ختم نہیں ہوگئی، دوسری طرف دفاعی چیمپئن اسپین کو 5-1کے بھاری مارجن سے مات دیکر ناکامی کی کھائی میں دھکیلنے والے نیدر لینڈز نے ابتدا میں ہی دھاک بٹھائی، پہلے 3میچز میں 9گول کرکے ناک آؤٹ مرحلے میں قدم رکھنے والی ٹیم کو ٹائٹل فیورٹ قرار دیا جارہا تھا ۔

کوسٹاریکا کیخلاف عمدہ کھیل کے بعد بروقت گول کیپر کی تبدیلی کا فیصلہ بھی راس آیا اور ڈچ ٹیم نے پنالٹیز پر فتح کیساتھ سیمی فائنل میں قدم رکھا، ارجنٹائن کے مقابل بھی ایسی صورتحال پیدا ہوئی لیکن اس بار حریف کے گول کیپر سرجیو رومیرونے 2کوششیں ناکام بناتے ہوئے نیدر لینڈز کا ٹائٹل کی جانب سفر تمام کردیا،روبن اور ویسلے شنیڈر جیسے سپر اسٹارز سے مزئین سائیڈ کم از کم اس بار اپنی صلاحیتوں سے انصاف کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کرکے وطن واپس جانا چاہے گی۔