واٹر بورڈ کی تنصیبات پر لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی کے الیکٹرک

بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے، فنی خرابی کو بھی ہنگامی بنیادوں پر دور کیا جاتا ہے


Staff Reporter July 15, 2014
بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے، فنی خرابی کو بھی ہنگامی بنیادوں پر دور کیا جاتا ہے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: کے الیکٹرک نے واٹر بورڈ کی جانب سے میڈیا کو دیے جانے والے جھوٹے اور گمراہ کن بیانات پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک نے وضاحت کی ہے کہ واٹر بورڈ کی تنصیبات پر لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی اور تمام تنصیبات کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے، بعض اوقات کے الیکٹرک کے سسٹم میں فنی خرابی کے باعث واٹر بورڈ کی تنصیبات پر بجلی کی فراہمی معطل ہوجاتی ہے جسے ہنگامی بنیادوں پر مرمت کرکے کم از کم وقت میں ٹھیک کردیا جاتا ہے، واٹر بورڈ بجلی کے اس محدود لمحوں کے تعطل پر پورے شہر میں پانی کی فراہمی کا مصنوعی بحران کھڑا کر کے اس کا ذمے دار کے الیکٹرک انتظامیہ کو قرار دیتی ہے۔

کے الیکٹرک کے ترجمان نے اس بات کی بھی وضاحت کی ہے کہ واٹر بورڈ 29 ارب کا نادہندہ ادارہ ہے، اس کے باوجودکے الیکٹرک کی انتظامیہ کراچی کے عوام کے بہتر مفاد کے پیش نظر واٹر بورڈ کی تنصیبات کو مسلسل بجلی فراہم کررہی ہے جبکہ دوسری طرف واٹر بورڈ کی نااہل انتظامیہ کے پاس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور بجلی کے نظام میں فنی خرابی کے باعث بجلی کے تعطل کی صورتحال میں بجلی کے حصول کا کوئی متبادل انتظام موجود نہیں، واٹر بورڈ انتظامیہ کو چاہیے کے وہ الزام تراشی کے بجائے شہر میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے پر زور دیں، کے الیکٹرک انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے یہ اپیل کی ہے کہ واٹر بورڈ کے اس منفی رویے کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔