ہیڈ کوچ نے پیس ہتھیار چمکانا شروع کر دیے

دورہ سری لنکا سے قبل ٹریننگ کیمپ میں وقار یونس طویل سیشن کے دوران وہاب، طلحہٰ اور راحت کی صلاحیتیں نکھارتے رہے


Sports Reporter July 20, 2014
دورہ سری لنکا سے قبل ٹریننگ کیمپ میں وقار یونس طویل سیشن کے دوران وہاب، طلحہٰ اور راحت کی صلاحیتیں نکھارتے رہے۔ فوٹو : ایکسپریس

KARACHI: ہیڈ کوچ وقار یونس نے پیس ہتھیار چمکانا شروع کردیے، طویل سیشن میں وہاب ریاض، محمد طلحہٰ اور راحت علی کی صلاحیتیں نکھارتے رہے۔

اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد نے بھی دوہرا کردار ادا کرتے ہوئے بیٹنگ بہتر بنانے کیلیے کام کیا، شمالی وزیرستان کے متاثرین کیلیے امدادی میچ کھیلنے والے یونس خان اور عمر اکمل نے کیمپ جوائن کرنے کے بعد رات کے سیشن میں جم ٹریننگ کی۔ تفصیلات کے مطابق دورہ سری لنکا کی تیاری کیلیے قذافی اسٹیڈیم میں جاری کیمپ کے دوسرے روز ہلکی بارش کے بعد دھوپ نکل آئی، ٹیسٹ کرکٹرز نے شام کو پہلے سیشن میں بھرپور پریکٹس کی۔

میدان کے دائیں جانب ظہیر عباس اور امتیازاحمد انکلوژر کے سامنے لگائے گئے ایک نیٹ میں وقار یونس کی زیادہ تر توجہ پیسرز وہاب ریاض،محمد طلحہٰ اور راحت علی پر مرکوز رہی، ہیڈ کوچ نے رن اپ سے گیند پھینکنے تک کے لمحات کو نظر میں رکھتے ہوئے بولرز کی خامیاں درست کرنے کیلیے مشورے دیے،سابق کپتان نے انھیں حبس اور نمی والی سری لنکن کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانے کے گُر بتائے، تینوں پیسرز کے ساتھ محمد عرفان اور ضیا الحق نے بھی خرم منظور، شان مسعود اور اظہر علی کو پریکٹس کرائی۔ بائیں طرف انضمام الحق اور عبدالقادر انکلوژر کے قریب ایک نیٹ میں گرانٹ فلاور اسد شفیق کو پریکٹس کراتے رہے،اسپن بولرز کے ساتھ کام کرنے کے بجائے مشتاق احمد کی دوسرے روز بھی توجہ بیٹسمینوں کی اسپن بولنگ پر خامیاں درست کرنے پر مرکوز رہی، سابق لیگ اسپنر نے خود ایکشن میں آتے ہوئے اسد شفیق کو کریز کے مختلف اطراف سے گیندیں کرائیں اور فٹ ورک بہتر بنانے کیلیے رہنمائی کرتے رہے۔

ساتھ ہی موجود دوسرے نیٹ میں وقار یونس کے اسسٹنٹ شاہد اسلم کو کپتان مصباح الحق نے مصروف رکھا۔گرانٹ لیوڈن نے کافی وقت تک بیٹ ہاتھ میں تھام کروکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچنگ پریکٹس کرائی، انھوں نے فیلڈرز کاگیند پکڑنے کیلیے جھکاؤ آسان بنانے کیلیے جسمانی لچک پیدا کرنے والی مشقیں بھی کرائیں۔ گرانٹ فلاور بھی احمد شہزاد،صہیب مقصود،مصباح الحق اور اظہرعلی کو اونچے کیچز کی پریکٹس کراتے رہے۔

دریں اثناء شمالی وزیرستان کے متاثرین کیلیے راولپنڈی میں امدادی میچ کھیلنے والے یونس خان اور عمر اکمل نے رات کو کیمپ جوائن کرنے کے بعد جم ٹریننگ کی۔ یاد رہے کہ دورئہ سری لنکا کیلیے کیمپ کے ابتدائی مرحلے میں ٹیسٹ پلیئرز ٹریننگ کر رہے ہیں، سیریز کا پہلا پانچ روزہ میچ6 سے 10 اگست تک گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،14 سے 18تاریخ تک دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کولمبو کرے گا، دونوں ٹیمیں اس کے بعد تین ون ڈے میچز میں مدمقابل ہوںگی۔ پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ میں احمد شہزاد، خرم منظور، شان مسعود، اظہر علی، یونس خان، مصباح الحق، اسد شفیق، عمر اکمل، سرفراز احمد، سعید اجمل، عبدالرحمان، محمد طلحہ، جنید خان، راحت علی اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ انگلش کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے والے سعید اجمل اور جنید خان بھی رواں ہفتے کیمپ جوائن کر لیں گے۔