پاکستان اسٹیل کو 2 ارب 85 کروڑ کی تیسری قسط موصول

ادارے کے ملازمین کو 45دن کی تنخواہ جاری، یوٹیلٹی بلزبھی ادا کیے جائیں گے


Business Reporter July 22, 2014
پیکیج کی تیسری قسط سے تبدیلی کے آثار بھی نمایاں ہونا شروع ہوجائیں گے، ترجمان۔ فوٹو: فائل

موجودہ حکومت کی جانب سے پاکستان اسٹیل کی بحالی اور ترقی کے لیے منظور شدہ 18 ارب 50 کروڑ روپے کے پہلے حصے میں سے 2 ارب 85 کروڑ روپے کی تیسری قسط پاکستان اسٹیل کو موصول ہوگئی۔

موصول ہونے والی رقم میں سے ادارے کے ملازمین کو 45دن (مئی اور نصف جون) کی تنخواہ جاری کر دی گئی ہیں، علاوہ ازیں پیداواریت میں روز افزوں اضافے کے لیے درآمدی خام مال کے حصول کے لیے انتظامیہ پاکستان اسٹیل نے اقدامات مزید تیز کردیے ہیں۔ ترجمان پاکستان اسٹیل نے بتایا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ درآمدی خام مال کے حصول کے لیے ''ایل سی'' کھولی جائیں گی جبکہ اسی منظور شدہ رقم میں سے واجب الادا یوٹیلٹی بلز (سوئی سدرن گیس، واٹر بورڈ، کے الیکٹرک وغیرہ ) کے واجبات کی ادائیگیاں بھی کی جائیں گی، پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ پرامید ہے کہ مذکورہ مالیاتی پیکیج کی تیسری قسط کے حصول سے پاکستان اسٹیل کی پیداوار میں حکومتی اہداف کے مطابق ادارے کی بہتری میںتبدیلی کے آثار بھی نمایاں طور پر نظر آنے شروع ہوجائیں گے۔