سخت پالیسی پرانی کاروں کی درآمد میں 50 فیصد کمی

گزشتہ مالی سال 22 ہزار 220 کاریں امپورٹ، حکومت کو 9 ارب روپے کا ریونیو ملا


Business Reporter July 22, 2014
2012-13 میں 45 ہزار 378 کاریں منگوائی، 18ارب روپے کی کسٹم ڈیوٹی ادا کی گئی، ڈیلرز۔ فوٹو: فائل

استعمال شدہ کاروں کی درآمد سے متعلق حکومتی پالیسی سخت ہونے کی وجہ سے گزشتہ مالی سال استعمال شدہ کاروں کی درآمد میں 50 فیصد سے زیادہ کمی ہوئی ہے جس سے حکومت کو کاروں کی درآمد پر ملنے والی کسٹم ڈیوٹی میں اربوں روپے کمی کا سامنا کرنا پڑا۔

آل پاکستان موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2013-14 کے دوران بیرون ملک سے 22ہزار 220کاریں درآمد کی گئیں جن پر حکومت کو کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 9ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا، مالی سال 2012-13کے دوران 45ہزار 378کاریں درآمد کی گئی تھیں جن پر حکومت کو کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 18ارب روپے سے زائد کا ریونیو ملا تھا۔ آل پاکستان موٹرڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایچ ایم شہزاد نے کہاہے کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے کاروں کی درآمد ایک سال میں نصف رہ گئی ہے اور اگر حکومت نے عوام کے لیے مشکل فیصلے برقرار رکھے اور استعمال شدہ کاروں کی درآمدی پالیسی نرم نہ کی گئی تو آئندہ سال کاروں کی درآمد میں مزید 50فیصد تک کمی واقع ہوگی اور کاروں کی درآمد 10ہزار سے 11ہزار تک ہی محدود رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروں کی طلب پوری کرنے میں استعمال شدہ کاریں اہم کردار ادا کرتی ہیں، ساتھ ہی حکومت کے لیے ریونیو کا بھی ذریعہ ہے لیکن مخصوص طبقے کو فائدہ پہنچانے کے لیے استعمال شدہ کاروں کی درآمد مشکل سے مشکل تر کی جارہی ہے، کاروں کی ایج لمٹ 5 سال سے کم کرکے 3 سال کردی گئی اور فرسودگی کم کرکے الائونس 24فیصد کردیا گیا، حالیہ بجٹ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن پر بھی بھاری ٹیکس عائد کردیا گیا جو فرسٹ اونر کے بعد بھی ہر خریدار سے وصول کی جائے گی، اس ٹیکس کے نفاذ سے ملک میں گاڑیوں کو اوپن لیٹر پر رکھنے کا رجحان فروغ پائے گا جو ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال میں نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران 1000 سی سی تک کی 16ہزار 19کاریں درآمد کی گئیں، 1001 سے 1300سی سی تک کی 37کاریں، 1301سے 1500سی سی تک کی 2654 کاریں، 1501سے 1600سی سی تک کی 2کاریں، 1601سے لے کر 1800 سی سی تک کی 2364کاریں، 1801سے 3000سی سی تک کی 50 کاریں، 3000 سی سی سے زائد کی 29کاریں جبکہ 891 فور بائی فور جیپیں درآمد کی گئیں، گزشتہ مالی سال کے دوران 16ٹرک، 165ڈمپرز، 838وینز، 176پک اپ گاڑیاں اور 69ہیوی بائیکس بھی درآمد کی گئیں۔