بالی وڈ کے معروف اداکار سنی دیول اپنی نئی فلم جات کے ساتھ بڑے پردے پر واپسی کر رہے ہیں۔ حال ہی میں جاری ہونے والے ٹیزر نے شائقین کو زبردست ایکشن اور دلکش کہانی کا جھلک دکھائی ہے۔
یہ ٹیزر پشپا 2 کی اسکریننگ کے دوران پیش کیا گیا، جو کہ عالمی سطح پر 12,500 اسکرینز پر لانچ کیا گیا، اور یہ ایک نیا سنگِ میل ثابت ہوا۔
جات کو گوپی چند ملینینی نے ڈائریکٹ کیا ہے، جب کہ اس کی پروڈکشن میتری مووی میکرز اور پیپل میڈیا فیکٹری کے بینر تلے ہوئی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں رندیپ ہودا، وینیت کمار سنگھ، سائیامی کھیر اور رجینا کیسندرا شامل ہیں۔
ٹیزر میں سنی دیول کی شاندار کارکردگی اور ایکشن سیکوینس نے مداحوں کو بے حد متاثر کیا۔ فلم کے موسیقار تھامن ایس ہیں، اور سینماٹوگرافی کے فرائض رشی پنجابی نے انجام دیے ہیں، جب کہ ایکشن کوریوگرافی این ایل اراسو، رام لکشمن اور وینکٹ نے کی ہے۔
فلم کا پریمیئر اپریل 2025 میں ہوگا، اور شائقین اس ایکشن سے بھرپور کہانی سے بے حد توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔