ناروے کی ایک سمندری غذائی کمپنی نے فارم سے فرار ہونے والی 27 ہزار سامن مچھلیوں کو پکڑ کر لوٹانے والوں کے لیے فی مچھلی 12 ہزار روپے سے زائد (500 نارویجن کرونا) انعام کا اعلان کر دیا۔
دنیا کی سب سے بڑی فارمڈ سامن کمپنی مووی کا کہنا تھا کہ شمالی ناروے کی کاؤنٹی ٹرومز میں موجود ان کے فش فارم سے اتوار کی رات 1 لاکھ 5 ہزار مچھلیوں میں سے ایک چوتھائی مچھلیاں نکل کر شمال مغربی ناروے کے سمندر میں داخل ہوگئیں۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ وہ جال جو کھلے پانی فارم سے علیحدہ کر رہا تھا طوفانی موسم کی وجہ سے ٹوٹ گیا تھا۔
کمپنی نے ملک کے رجسٹرڈ ماہی گیروں سے درخواست کی ہے کہ فارم سے نکلنے والی مچھلیوں کو پکڑ کر متعین کردہ سینٹرز پر واپس لانے والوں کو فی مچھلی 500 کرونا دیے جائیں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں ان مچھلیوں کا پھیل جانا جنگلی سامن مچھلیوں کے لیے خطرہ ہو سکتا ہے۔