پاکستان ٹیم کی سب سے بڑی کمزوری کیا ہے؟ سابق بھارتی کرکٹر کا بڑا دعویٰ

پاکستانی ٹیم کے ساتھ یہ مسئلہ نیا نہیں ہے، سابق بھارتی کرکٹر


ویب ڈیسک February 17, 2025

کراچی:

سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے پاکستان کرکٹ ٹیم پر غیر مستقل مزاج ہونے کا الزام عائد کردیا۔

سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے اپنے یوٹیوب چینل پر پاکستان ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی کمزوری کوئی نئی بات نہیں ہے بلکہ دیرینہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا دفاعی چیمپئن ضرور ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ دباؤ میں پھنس جاتا ہے۔ پاکستان نے پچھلے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں امریکا سے شکست کھائی اور دوسرے راؤنڈ میں بھی کوالیفائی نہیں کر سکے۔

آکاش چوپڑا نے مزید کہا کہ پاکستان پر آئی سی سی ایونٹس میں حالیہ خراب کارکردگی کے باعث چیمپئنز ٹرافی میں بھی دباؤ رہے گا۔

مزید پڑھیں: بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور سلیکٹرز میں تلخ کلامی کا انکشاف

آکاش چوپڑا نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کا گراف کبھی اوپر اور کبھی نیچے جاتا ہے، وہ کم ہی مستحکم رہتے ہیں۔ یہ ٹیم اپنے ملک جیسی ہے جہاں اتار چڑھاؤ عام بات ہے یہی کیفیت ان کی کرکٹ میں بھی نظر آتی ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک غیر متوقع ٹیم ہے اور دباؤ میں ٹوٹ جانا ان کی ایک بڑی کمزوری ہے۔ کیا پاکستان اس مسئلے پر قابو پا سکے گا؟ یہ میرا بڑا سوال ہے کیونکہ اس ٹورنامنٹ میں ان پر دباؤ ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چیمپئنز ٹرافی 2025 کا افتتاحی میچ بدھ 19 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب، قومی و عالمی کرکٹر اور آئی سی سی کے سی ای او بھی شریک

میزبان ٹیم حال ہی میں سہ فریقی سیریز کے فائنل میں نیوزی لینڈ سے 5 وکٹوں کی شکست کے بعد ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہی ہے، اس سیریز میں جنوبی افریقہ بھی شامل تھا۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف کراچی میں 350 سے زائد رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا، مگر اسی گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے قومی ٹیم صرف 250 سے کم اسکور پر محدود ہوگئی، جسے کیویز نے باآسانی حاصل کر لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں