شہر قائد کے علاقے منگھوپیر میں پولیس افسر کے بھتیجے کو آن لائن گیم کھیلنے کی پاداش میں مبینہ طور پر اغواء کر لیا گیا۔
واقعہ کی تفصیلات کے مطابق متاثرہ نوجوان نے اپنی شکایت تھانہ منگھوپیر میں درج کرائی، جس کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کر دی۔
مقدمے کے متن میں بتایا گیا ہے کہ ایک شخص اویس نے ایپلیکیشن کے ذریعے نوجوان کی ذاتی معلومات حاصل کی اور خود کو اس کی یونیورسٹی کا طالب علم ظاہر کرتے ہوئے دوستی کا آغاز کیا۔
اویس نے نوجوان کو ملنے کے لیے بلایا اور ایک سازش کے تحت اپنے دوست کے ساتھ مل کر اسے اغواء کر لیا۔
اغواء کے دوران ملزمان نے نوجوان کو نشہ آور چیز اور اسپرے کے ذریعے مدہوش کیا اور پھر غیر اخلاقی کام کرانے کے بعد اس کی ویڈیو بنالی۔
ملزمان نے ویڈیو کو عوامی طور پر اپ لوڈ کرنے کی دھمکی دی اور نوجوان سے بڑی رقم کا مطالبہ کیا۔ اس کے بعد، رات تک رقم دینے کی یقین دہانی پر ملزمان نے نوجوان کو سرجانی کے قریب اندھیرے میں چھوڑ دیا اور فرار ہو گئے۔
پولیس حکام نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی پوری تفصیل کا جائزہ لے کر ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔