لاہور میں فیکٹری ایریا سے تاوان کی غرض سے اغوا کیے گئے 11 سالہ بچے کو بازیاب کروا کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق 11 سالہ مغوی بچے علی اکبر کے والد سیکورٹی گارڈ ہیں۔ اغوا کار شاہد نے بچے کی رہائی کے بدلے 7 لاکھ روپے کا تاوان مانگا تھا۔ علی اکبر کو فیکٹری ایریا سے اغوا کیا گیا تھا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ اغوا کار مسلسل لوکیشن تبدیل کرتا رہے۔ ملزم کو کوٹ لکھپت کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے تاوان نہ دینے کی صورت میں بچے کو قتل کرکے لاش کراچی پورٹ پھینکنے کی دھمکی دی تھی۔
اے ایس پی ڈیفنس شہربانو نقوی نے تھانہ فیکٹری ایریا میں پریس کانفرنس میں کہا کہ فیکٹری ایریا پولیس کو والد پرویز اختر کی درخواست ملنے پر فوری نا معلوم ملزم کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مغوی کے والد پرویز اختر کو نا معلوم نمبر سے کال آئی کہ آپ کا بیٹا علی اکبر میرے پاس ہے جس کی رہائی کے عوض ملزم نے 7 لاکھ روپے تاوان طلب کیا۔ ملزم نے تاوان نہ دینے اور کسی کو بتانے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔
اے ایس پی ڈیفنس کے مطابق ریکارڈ یافتہ ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے راوی روڈ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ اے ایس پی ڈیفنس کی سربراہی میں ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے اسپیشل ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ ایس پی کینٹ نے ایس ایچ او فیکٹری ایریا اشفاق خان اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔