بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر کو حال ہی میں اپنے مسلم شوہر فہد احمد کے ساتھ ہولی نہ منانے پر سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
سوارا نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اور ان کی بیٹی ہولی کے رنگوں میں رنگی ہوئی تھیں جبکہ فہد احمد بغیر رنگوں کے نظر آئے۔ اس پر صارفین نے سوال اٹھائے کہ فہد نے ہولی کیوں نہیں منائی۔
ایک صارف نے پوچھا، "آپ کے شوہر نے رنگ کیوں نہیں لگایا؟" جبکہ دوسرے نے لکھا، "اگر کوئی واقعی آپ سے محبت کرتا ہو اور آپ کے عقائد کا احترام کرتا ہو تو وہ خوشی سے آپ کے تہوار میں شریک ہوگا۔"
سوارا بھاسکر نے ان تبصروں کا جواب دیتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا، "سب کو ہیپی ہولی۔ ایک نرم یاد دہانی: یہ ممکن ہے کہ ہم اپنے تہوار منائیں اور خوشیاں بانٹیں لیکن بغیر کسی پر زبردستی کیے!"
یاد رہے کہ سوارا بھاسکر نے فروری 2023 میں فہد احمد سے شادی کی تھی جو ایک اسٹوڈنٹ ایکٹیوسٹ اور سیاستدان ہیں۔ ستمبر 2024 میں ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی جس کا نام انہوں نے 'ربیعہ' رکھا۔