حج 2025؛ شدید گرمی اور لُو سے بچنے کیلیے انتظامات مکمل؛ خصوصی ہدایات جاری

رواں برس 25 لاکھ حاجیوں کی آمد کا امکان ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہوگا


ویب ڈیسک April 21, 2025

حج کی آمد آمد ہے اور اس دوران اللہ کے مہمانوں کی خاطرداری کے لیے منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ نے حاجیوں کی صحت کو مقدم رکھتے ہوئے متوقع شدید گرمی اور لُو کے پیش نظر خصوصی انتظامات کیے ہیں۔

اس حوالے سے 'حج آگاہی مرکز' کے تعاون سے ایک مہم کا آغاز کیا ہے۔ مہم میں حجاج کو سورج کی تپش اور گرمی سے بچاؤ کے حوالے سے معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزارت نے ایک حفاظتی کتابچہ بھی شائع کیا ہے جس میں تین اہم حفاظتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔

حاجیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دن کے وقت باہر نہ نکلیں اور اگر بہت ضروری ہو تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں یا چھتری کا استعمال کریں۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ پانی کا استعمال زیادہ رکھیں اور پسینہ بہنے سے روکیں۔ سایہ دار مقامات پر آرام کریں۔

علاوہ ازیں یہ ہدایت بھی کی گئی ہے سخت جسمانی کام نہ کریں۔ پُرسکون رہیں اور شدید گرمی میں جلد بازی سے گریز کریں۔

خیال رہے کہ پہلے ہی حاجیوں کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے دونوں مقدس مساجد خصوصی اتظامات کیے گئے ہیں۔

جس کے تحت زیادہ سے زیادہ سایہ دار مقامات تیار کیے گئے ہیں۔ پینے کے ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا گیا ہے اور فضا میں پانی چھڑکاؤ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ رواں برس 25 لاکھ افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے جو کہ ایک ریکارڈ ہوگا۔ 

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں