76 سالہ فرانسیسی اداکار کو 2 خواتین کیساتھ جنسی ہراسانی پر قید کی سزا

اداکار جیرار دیپارڈیو پر 20 سے زائد خواتین نے جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا


ویب ڈیسک May 14, 2025
76 سالہ فرانسیسی اداکار پر 20 سے زائد اداکاراؤں نے جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا

فرانسیسی عدالت نے عالمی شہرت یافتہ اداکار جیرار دیپارڈیو کو جنسی ہراسانی کا مجرم قرار دیتے ہوئے قید کی سزا سنادی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے عالمی شہرت یافتہ اداکار جیرار دیپارڈیو کو دو خواتین کے ساتھ جنسی ہراسانی کے الزام میں 18 ماہ قید کی ’معطل‘ سزا سنائی گئی ہے۔

عدالت نے فیصلے میں حیرانی کا اظہار کیا کہ اداکار نے اپنے کیے پر ندامت یا پشیمانی ظاہر نہیں کی۔ اس لیے وہ متاثرہ خواتین کو گیارہ گیارہ سو ڈالر ہرجانہ بھی ادا کریں۔

عدالت نے حکم دیا کہ 76 سالہ جیرار دیپارڈیو کو جنسی مجرم کے طور پر بھی رجسٹرڈ کیا جائے اور نگرانی کی جائے۔

اداکار جیرار دیپارڈیو فیصلہ سنائے جانے کے وقت عدالت میں موجود نہیں تھے۔ اداکار کے وکیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔

خیال رہے کہ یہ سزا ایسے وقت میں سنائی گئی ہے جب کانز فلم فیسٹیول 2025 کا آغاز ہوا۔ جیرار دیپارڈیو کو کانز فلم فیسٹیول 1990 میں بہترین اداکار کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

وہ کئی دہائیوں تک فرانسیسی سینما کے سب سے کامیاب اداکار تصور کیے جاتے رہے ہیں تاہم می ٹو مہم کے دوران 20 سے زائد خواتین نے ان پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے۔

مذکورہ کیس ان کے خلاف جنسی ہراسانی کا عدالت میں زیر سماعت پہلے مقدمہ تھا۔ یہ مقدمہ 2021 میں فلم "Les Volets Verts" کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے واقعات پر مبنی تھا۔

متاثرہ خواتین 54 سالہ سیٹ ڈریسر اور 34 سالہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے عدالتی فیصلے پر کہا کہ وہ ایک مشکل اور کٹھن دور کے بعد اب راحت محسوس کر رہی ہیں۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں