موٹروے ٹول ٹیکس میں اضافہ: نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس والی گاڑیوں پر 50 فیصد اضافی چارجز

اضافی ٹول چارجز 15 جون 2025 سے موٹرویز پر لاگو ہوں گے


ویب ڈیسک June 03, 2025

اسلام آباد:

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) نے ملک بھر کی موٹرویز پر ٹول ٹیکس میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، اضافی ٹول چارجز 15 جون 2025 سے موٹرویز پر لاگو ہوں گے۔

 نئی پالیسی کے تحت نان ایم ٹیگ گاڑیوں اور کم بیلنس والی گاڑیوں پر 50 فیصد اضافی ٹول چارجز لاگو ہوں گے۔ یہ اقدام نہ صرف ریونیو میں اضافہ بلکہ ایم ٹیگ کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے اور موٹروے نیٹ ورک کو مزید مؤثر انداز میں چلایا جا سکے۔

نئے ٹول ٹیکس کے مطابق اسلام آباد سے لاہور (M-2) موٹروے پر کار کے لیے ٹول ٹیکس 1800 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ لاہور سے عبدالحکیم (M-3) کے درمیان سفر کرنے والی کاروں کے لیے یہ ٹول 1200 روپے ہو گا۔ پنڈی بھٹیاں سے ملتان (M-4) موٹروے پر کار کے لیے نیا ٹول 1600 روپے اور ملتان سے سکھر (M-5) کے لیے 1800 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ڈی آئی خان سے حاکلہ (M-14) موٹروے پر کار کا ٹول 1000 روپے جبکہ حسن ابدال سے مانسہرہ (E-35) ایکسپریس وے پر کار کے لیے نیا ٹول 450 روپے طے کیا گیا ہے۔

کمرشل گاڑیوں کے لیے بھی ٹول ٹیکس میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔ لاہور سے اسلام آباد سفر کرنے والے 2 اور 3 ایکسل ٹرک کے لیے نیا ٹول 7900 روپے جبکہ آرٹی کیولیٹڈ ٹرک کے لیے 10200 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

موٹروے حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 15 جون سے قبل اپنے ایم ٹیگ فعال کروا لیں اور اس میں مطلوبہ بیلنس یقینی بنائیں تاکہ اضافی چارجز سے بچا جا سکے۔

مقبول خبریں