عباسی شہید اسپتال میں رات گئے بےقابو بیل کی "ایمرجنسی انٹری"!

بیل صرف ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے کوریڈور تک پہنچا تھا اگر وہ وارڈ کے اندر داخل ہوتا تو شدید نقصان ہوسکتا تھا


اسٹاف رپورٹر June 06, 2025

کراچی:

عباسی شہید اسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے کوریڈور میں رات گئے بےقابو بیل گھس آنے سے بھگدڑ مچ گئی، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

ویڈیو میں بیل کو اسپتال کے داخلی راستے سے بھاگتے اور عملے کو اسے قابو کرنے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی بیل ایمرجنسی کوریڈور میں داخل ہوا، عملے اور مریضوں کے ساتھ آئے تیمارداروں میں افرا تفری مچ گئی۔ کچھ لوگ بیل کے خوف سے دوڑتے نظر آئے جبکہ چند افراد بیل کو پکڑنے کی کوشش میں اُس کے پیچھے دوڑ رہے تھے۔

خواتین عملے کے لیے یہ مناظر خوفزدہ ہونے کے ساتھ ساتھ حیران کن بھی ثابت ہوئے، ویڈیو میں چیخنے اور چلانے  کے ساتھ ہنسی کی آوازیں بھی سنی جا سکتی ہیں، جس سے صورتحال کی عجیب و غریب نوعیت ظاہر ہوتی ہے۔

عباسی شہید اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جاوید اقبال نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بیل اچانک اسپتال میں گھس آیا تھا، تاہم خوش قسمتی سے عملے نے اسے ایمرجنسی وارڈ میں داخل ہونے سے پہلے ہی قابو کر لیا اور اسپتال سے باہر نکال دیا۔

 انہوں نے کہا کہ بیل صرف ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے کوریڈور تک پہنچا تھا اگر وہ وارڈ کے اندر داخل ہو جاتا تو مریضوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا تھا۔

مقبول خبریں