لاہور:
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت پر ثنا میر کو دلی مبارکباد دی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بیٹی ثنا میر نے سبز ہلالی پرچم کو بلند اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ ثنا میر پاکستان کرکٹ کا اثاثہ اور ویمنز کرکٹرز کے لئے رول ماڈل ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ثنا میر کو ہال آف فیم ملنا پاکستان ویمنز کرکٹ کی تاریخ میں ایک سنگِ میل ہے، ثنا میر کا اعزاز پاکستان کے لئے باعث افتخار ہے، انہوں نے پاک دھرتی کا مان بڑھایا۔
انہوں نے کہا کہ ثنا میر کا کارنامہ قوم کی ہر بیٹی کے حوصلے کو بلند کرتا ہے، انہوں نے محنت، لگن اور جہد مسلسل سے یہ کارنامہ سر انجام دیا اور پاکستانی قوم کا نام اونچا کیا۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ یہ کامیابی ثنا میر کے ساتھ پاکستان ویمنز کرکٹ اور پاکستان کی کامیابی ہے۔ آج ایک ثنا میر کو اعزاز ملا ہے۔ انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب متعدد پاکستانی ویمنز کرکٹرز یہ اعزاز حاصل کریں گی۔