جانی ڈیپ ایک بار پھر جیک اسپیرو کے روپ میں منظرِ عام پر آگئے

جانی ڈیپ ان دنوں اسپین میں اپنی نئی فلم "ڈے ڈرنکر" کی شوٹنگ میں مصروف ہیں


ویب ڈیسک June 20, 2025

ہالی ووڈ کے سپر اسٹار جانی ڈیپ نے بچوں کے لیے جیک اسپیرو کا روپ دھار لیا۔

جانی ڈیپ نے حال ہی میں اپنے مشہور کردار کیپٹن جیک اسپیرو کا روپ دھار کر اسپین کے اسپتال کا دورہ کیا اور بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔ اس بار وہ کسی فلم کی شوٹنگ کے لیے نہیں بلکہ اسپین کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج بچوں کو خوش کرنے کے لیے اس روپ میں نظر آئے۔

62 سالہ ڈیپ نے میڈرڈ کے چلڈرن اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف کمروں میں جا کر بچوں سے ملاقات کی، وقت گزارا اور انہیں خوش کرنے کی کوشش کی۔ ان کی بچوں سے ملاقات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

یاد رہے کہ جانی ڈیپ ان دنوں اسپین میں اپنی نئی فلم "ڈے ڈرنکر" کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور یہ خبریں سامنے آرہی ہیں کہ وہ جلد پائریٹس آف دی کیربیین کے چھٹے ایڈیشن میں اپنے مقبول کردار کیپٹن جیک اسپیرو کیساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ ڈیپ نے کیپٹن جیک اسپیرو کا روپ انسانیت کی خدمت کے لیے اپنایا ہو۔ ستمبر 2024 میں بھی وہ سین سبسٹین کے اسپتال میں بچوں سے اپنے اسی مشہور کردار کا روپ دھار کر ملے تھے، جبکہ اس سے قبل وہ وینکوور، پیرس، لندن، برسبین اور کئی امریکی شہروں کے اسپتالوں میں بھی اس کردار میں بچوں سے ملاقات کر چکے ہیں۔

 

 

مقبول خبریں