اداکارہ عائشہ خان کی تنہائی میں موت، بشریٰ انصاری نے بچوں سے متعلق حقیقت بتا دی

عائشہ خان کی لاش گلشن اقبال میں ان کے فلیٹ سے ملی تھی


ویب ڈیسک June 24, 2025

معروف اداکارہ عائشہ خان کی کراچی میں تنہائی میں موت اور کئی روز بعد لاش ملنے پر سوشل میڈیا پر ان کے بچوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایسے میں سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ایک ویڈیو پیغام میں بچوں سے متعلق اہم وضاحت دی ہے۔

بشریٰ انصاری نے بتایا کہ انہوں نے چند سال قبل عائشہ خان سے ایک پروجیکٹ کے دوران بات کی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے بچے بیرونِ ملک مقیم ہیں اور ان سے رابطے میں رہتے ہیں۔

اداکار کے مطابق عائشہ خان نے کہا تھا کہ بچے ان کا خیال رکھتے ہیں، یہاں تک کہ جاتے ہوئے درازوں میں پیسے بھی رکھ دیتے ہیں، لیکن انہیں بچوں کے گھروں میں رہنا پسند نہیں تھا کیونکہ وہ اپنی تنہائی میں مطمئن تھیں۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ عائشہ خان اپنی مرضی کی زندگی گزار رہی تھیں، کتابیں پڑھتی تھیں، عبادت کرتی تھیں اور پڑوسیوں سے میل جول رکھتی تھیں اور اسی میں خوشی محسوس کرتی تھیں کیونکہ ان کا بچوں کے گھر میں دل نہیں لگتا تھا۔

 اداکارہ نے لوگوں سے اپیل کی کہ بغیر تحقیق کے بچوں پر الزامات نہ لگائیں نہ جانے وہ کتنی تکلیف سے گزر رہے ہوں گے اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کریں۔

یاد رہے کہ عائشہ خان کی لاش گلشن اقبال میں ان کے فلیٹ سے ملی تھی جوکہ ایک ہفتہ قبل انتقال کر گئیں تھیں تاہم پڑوسیوں کی اطلاع پر پولیس ان کے فلیٹ پہنچی اور ان کی لاش برآمد ہوئی۔

مقبول خبریں