خان یونس میں حماس کے حملے میں پلاٹون کمانڈر سمیت 7 اسرائیلی فوجی ہلاک

اسرائیلی فوج کے مطابق جون 2025 کے آغاز سے اب تک غزہ کی لڑائی میں 19 اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ہیں


ویب ڈیسک June 25, 2025

جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں فلسطینی تنظیم حماس کے حملے میں پلاٹون کمانڈر سمیت 7 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ ایک علیحدہ جھڑپ میں ایک اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز تصدیق کی کہ منگل کو پیش آنے والے واقعے میں اس کے سات اہلکار مارے گئے۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ فوجیوں کی گاڑی کے نیچے نصب دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔

فوجی ترجمان کے مطابق ایک اور واقعے میں جنوبی غزہ میں ایک اہلکار شدید زخمی ہوا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق جون 2025 کے آغاز سے اب تک غزہ کی لڑائی میں 19 اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ہیں۔ ترک نشریاتی ادارے انادولو نے اسرائیلی اخبار یدیعوت احارونوت کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک اعلیٰ فوجی افسر کے مطابق اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اب تک 10 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ کئی اہلکار ذہنی دباؤ اور صدمے کا بھی شکار ہیں۔

سرکاری طور پر 861 فوجیوں کی ہلاکت اور 5,921 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، تاہم اندرونی ذرائع کے مطابق اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب رائٹرز کے مطابق حماس کے زیرانتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں 56 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جب کہ 20 لاکھ کی آبادی میں سے اکثریت بے گھر ہو چکی ہے۔ علاقہ شدید غذائی قلت اور انسانی بحران کا شکار ہے۔