آئرلینڈ کے پاس ویسٹ انڈیز کا بوریا بستر گول کرنے کا موقع

آئرلینڈ بڑے ٹورنامنٹس میں اپ سیٹ کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتی ہے


Sports Desk September 24, 2012
ویسٹ انڈیز کو آسٹریلیا کے ہاتھوں بارش سے متاثرہ میچ میں ملنے والی شکست نے مشکل میں ڈال دیا. فوٹو: اے ایف پی/ فائل

HYDERABAD: ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ بی میں ویسٹ انڈیز پیر کو آئرلینڈ کیخلاف بقا کی جنگ لڑے گا۔

فیورٹ کیریبیئن سائیڈ کو ایونٹ میں موجود رہنے کے لالے پڑگئے، اپ سیٹ ماسٹر آئرش ٹیم سے شکست ڈیرن سیمی الیون کا بوریا بسترگول کردے گی۔ تفصیلات کے مطابق ایونٹ کے آغاز سے قبل ویسٹ انڈیز کو فیورٹ قرار دیا جارہا تھا مگر ہفتے کو آسٹریلیا کے ہاتھوں بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 17 رنز سے شکست نے اسے انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار کردیا ہے، اب ویسٹ انڈین ٹیم کو سپر ایٹ رائونڈ میں رسائی کیلیے ہر صورت آئرلینڈ کو زیر کرنا ہوگا، آئرش ٹیم کو آسان شکار سمجھنے کی غلطی اس کو گھرواپسی پر مجبور کرسکتی ہے۔ آئرلینڈ بڑے ٹورنامنٹس میں اپ سیٹ کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتی ہے۔

اب تک دونوں ٹیموں نے ایونٹ میں ایک بھی میچ نہیں جیتا ہے، آئرلینڈ کو بھی پہلے میچ میں آسٹریلیا نے شکست سے دوچار کیا تھا، کینگروز پہلے ہی گروپ بی سے سپر 8 میں جگہ بناچکے ہیں اس لیے اب جو بھی ٹیم میچ جیتے گی وہ اگلا رائونڈ کھیلے گی، ویسٹ انڈیز کو اپنے ہارڈ ہٹر کرس گیل، مارلن سیموئلز اور کیرون پولارڈ سے کافی امیدیں وابستہ ہیں، آسٹریلیا سے میچ میں بھی گیل اور سیموئلز نے ففٹیز اسکور کی تھیں تاہم اسپنر سنیل نارائن جادو جگانے میں ناکام رہے تھے جس کی وجہ سے آسٹریلیا کو حاوی ہونے کا موقع ملا تھا تاہم آئرش بیٹسمینوں کے لیے نارائن کے ساتھ فاسٹ بولر فیڈل ایڈورڈز کا سامنا کرنا بھی دشوار ہوگا۔

دوسری جانب آئرش ٹیم کی امیدیں بھی پھر سے جاگنے لگی ہیں، اوبرائن برادرز نیل اور کیون سے ٹیم کی توقعات وابستہ ہیں دونوںنے آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں پانچویں وکٹ کی شراکت میں 52رنز جوڑے تھے، زمبابوے کے خلاف وارم اپ میچ میں بھی نیل اوبرائن نے 62 رنز اسکور کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف اوپنر پال اسٹرلنگ نے بھی 41 گیندوں پر 71 رنز اسکور کیے تھے۔