ٹکٹ کی عدم دستیابی پر ہمبنٹوٹا میں ہنگامہ آرائی

پولیس کے شدید لاٹھی چارج کے باوجود کئی لوگ اسٹیڈیم کے قریب پہنچ گئے


AFP September 24, 2012
اسٹیڈیم کے باہر سیکیورٹی فورسز پر حملہ، انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات سخت کردیے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: ہمبنٹوٹا میں سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ کے موقع پر راجا پکسے اسٹیڈیم کے بیرونی گرائونڈز میدان جنگ بن گئے۔

ٹکٹ نہ ملنے پر مقامی شائقین نے سیکیورٹی فورسز پر دھاوا بول دیا، راہ میں آنے والی چوکیوں کو بھی تباہ کردیا، پولیس کے شدید لاٹھی چارج کے باوجود کئی لوگ اسٹیڈیم کے قریب پہنچ گئے، واقعے کے بعد اتھارٹیز نے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ سی میں بارش کی وجہ سے 7 اوورز فی سائیڈ تک محدود ہونے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 32 رنز سے شکست دی اس دوران اسٹیڈیم کے اردگرد کا علاقہ میدان جنگ بنا رہا۔

اس میچ کے دوران 35 ہزارتماشائیوں کی گنجائش والا اسٹیڈیم مکمل طورپر بھرا ہوا تھا، جب مقامی شائقین کو علم ہوا کہ میچ کی ٹکٹیں دستیاب نہیں ہیں تو وہ مشتعل ہوگئے اور انھوں نے زبردستی اسٹیڈیم میں گھسنے کی کوشش کی۔ ایک آفیشل کا کہنا ہے کہ شائقین بہت زیادہ مشتعل تھے، انھوں نے چوکیوں کو تباہ کردیا اور زبردستی اسٹیڈیم کے بیرونی گرائونڈز میں گھس گئے، پولیس کا لاٹھی چارج بھی ان کو اس سے باز نہیں رکھ سکا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ میچ کے ختم ہونے کے بعد مقامی شائقین نے گاڑیوں پر پتھرائو کرتے ہوئے واپس لوٹنا شروع کیا، سیکیورٹی کیلیے موجود اسپیشل ٹاسک فورس کے کما نڈوز بھی مشتعل ہجوم کو قابو نہیں کرپائے۔

ایک اور آفیشل کا کہنا ہے کہ لوگوں کے اشتعال کی بڑی وجہ یہ تھی کہ وہ اسٹیڈیم کے اندر نہیں جاسکتے تھے اس لیے انھوں نے توڑ پھوڑ شروع کردی اور فساد برپا کرنے لگے۔ ٹورنامنٹ کے سیکیورٹی انچارج کیملس ابیگونا وردنے کا کہنا ہے کہ یہ تمام ہنگامی آرائی اسٹیڈیم کے باہر ہوئی، اندر موجود پلیئرز اور تماشائیوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی گئی، مسئلہ یہ تھا کہ مقامی رہائشی اسٹیڈیم کے اندر جانا چاہتے تھے مگر ان کے پاس ٹکٹ نہیں تھے، اسی وجہ سے ہنگامہ آرائی کا آغاز ہوا۔ انھوں نے کہا کہ ہمبنٹوٹا میں اب مزید میچز نہیں ہونے مگر پالے کیلی اور کولمبو میں شیڈول باقی مقابلوں کیلیے سیکورٹی انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں۔