ڈیری مصنوعات برے خوابوں کا سبب بنتی ہیں، نئی تحقیق میں انکشاف

تحقیق میں شامل تقریباً 17 سے 20 فیصد افراد نے بتایا کہ ڈیری مصنوعات لینے کے بعد ان کے خواب پریشان کن ہوئے


ویب ڈیسک July 05, 2025

حالیہ تحقیق میں یہ دلچسپ اور کچھ حد تک حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے کہ ڈیری مصنوعات کا زیادہ استعمال خاص طور پر سونے سے پہلے, برے خوابوں یا پریشان کن نیند کا سبب بن سکتا ہے۔

ایک مطالعے میں یہ بات سامنے آئی کہ کچھ افراد جنہوں نے سونے سے پہلے زیادہ مقدار میں دودھ، پنیر، آئس کریم یا دہی کا استعمال کیا، انہوں نے برے خوابوں، پریشان کن نیند یا غیر معمولی خوابوں کی شکایت کی۔

تحقیق میں شامل افراد نے بتایا کہ ڈیری مصنوعات لینے کے بعد ان کے خواب: زیادہ واضح، غیر حقیقی یا پریشان کن ہو گئے تھے۔

دراصل دودھ اور پنیر میں ٹائروسین (Tyrosine) نامی امائنو ایسڈ ہوتا ہے جو دماغ میں ڈوپامائن بڑھاتا ہے۔ اس سے دماغی سرگرمی بڑھ سکتی ہے، جو نیند میں شدید یا غیر معمولی خوابوں کا باعث بن سکتی ہے۔

اس کے علاوہ سونے سے قبل ڈیری مصنوعات لینے سے گیس، بدہضمی یا سینے کی جلن ہو سکتی ہے جو ناخوشگوار نیند اور خوابوں کو متاثر کر سکتی ہے۔ کچھ لوگ ذہنی طور پر حساس ہوتے ہیں اور خوراک براہِ راست ان کے نیورولوجیکل پیٹرنز پر اثر ڈالتی ہے۔

ایک مشہور تحقیق انٹرنیشنل جرنل آف ڈریم ریسرچ میں شائع ہوئی جس میں تقریباً 17-20% افراد نے بتایا کہ ڈیری مصنوعات لینے کے بعد ان کے خواب پریشان کن ہوئے۔

ہر شخص کی جسمانی اور ذہنی کیفیت مختلف ہوتی ہے۔ کچھ افراد کو کوئی فرق نہیں پڑتا، بلکہ دودھ انہیں پرسکون نیند میں مدد دیتا ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے سے 2 سے 3 گھنٹے پہلے ڈیری مصنوعات کا استعمال ترک کریں۔

مقبول خبریں